پاکستانی فلموں میں کام کرنے کو دل کررہا ہے، شبنم

کلچرل رپورٹر  جمعرات 16 فروری 2017
اکیلی کچھ نہیں کرسکتی، انڈسٹری کی بہتری کے لیے سینئرز کی خدمات حاصل کرنا ہونگی۔ فوٹو؛ فائل

اکیلی کچھ نہیں کرسکتی، انڈسٹری کی بہتری کے لیے سینئرز کی خدمات حاصل کرنا ہونگی۔ فوٹو؛ فائل

کراچی: اداکارہ شبنم نے کہا کہ 2012 میں اپنے شوہر کے ہمراہ آئی تھی اور اب چار سال کے وقفے کے بعد ان کے بغیر آئی ہوں، یہاں آکر جو محبتیں مل رہی ہیں انھیں الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔

کراچی پریس کلب اور پاکستان فلم اینڈ ٹی وی جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے زیراہتمام ماضی کی مقبول سینئر اداکارہ شبنم کے اعزاز میں تقریب کااہتمام کیا گیا۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ملنے والے پیار خلوص کو دیکھتے ہوئے فلموں میں کام کرنے کا دل کررہاہے، اچھی فلم کی آفر ہوئی تو ضرور کروں گی، فلم انڈسٹری کی بہتری کے لیے سینئرز کی خدمات حاصل کرنی ہوگی اکیلی شبنم کچھ نہیں کرسکتی پوری ٹیم کو کام کرنا ہوگا۔

سینئر اداکار مصطفی قریشی نے کہاکہ فلم انڈسٹری کے سنہری دور کی فنکارہ شبنم بہت حوصلہ مند خاتون ہیں، شبنم اپے گھر آئی ہیں، ہم روبن گھوش کو نہیں بھول سکتے شبنم روبن گھوش اور روبن گھوش میں شبنم نظر آتی ہیں۔ اس موقع اطہر جاوید صوفی اور وسیع قریشی نے ایسوسی ایشن کی جانب سے آنے والے معززین کا شکریہ ادا کیا جب کہ آخر میں کراچی پریس کلب کی جانب سے ممبران گورننگ باڈی نے سندھ کی روایتی اجرک اور پھولوں کے تحائف سے نوازا۔

ذرائع کے مطابق اداکارہ شبنم کراچی سے  آج لاہور پہنچیں گی اور ایک روز قیام کے بعد 17فروری کو واپس کراچی چلی جائیں گئیں۔ بتایا گیا کہ شبنم  اپنے قریبی دوستوں سے ملنے کے لیے آرہی ہیں ان کی ڈھاکا واپسی اگلے ماہ ہوگی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔