پاک فضائیہ کے بیڑے میں مزید جے ایف 17 تھنڈر طیارے شامل

ویب ڈیسک  جمعرات 16 فروری 2017
جدید بلاک ٹو جے ایف 17 تھنڈر طیارے پاکستان ایئر فورس بیس منہاس کے فورٹین اسکواڈرن میں شامل کئے جائیں گے۔ فوٹو: فائل

جدید بلاک ٹو جے ایف 17 تھنڈر طیارے پاکستان ایئر فورس بیس منہاس کے فورٹین اسکواڈرن میں شامل کئے جائیں گے۔ فوٹو: فائل

کامرہ: پاک فضائیہ کے بیٹرے میں جدید آلات سے آراستہ مزید جے ایف 17 تھنڈر بلاک 2 لڑاکا طیارے شامل کرلیے گئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جدید جے ایف 17 تھنڈر طیارے بلاک ٹو پاک فضائیہ کے بیڑے میں شامل کرنے کے حوالے سے کامرہ ائیربیس پر ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں سربراہ پاک فضائیہ ائیرچیف مارشل سہیل امان اور وزیر دفاع خواجہ آصف بھی شریک ہوئے۔ جدید بلاک ٹو جے ایف 17 تھنڈر طیارے پاکستان ایئرفورس بیس منہاس کے 14ویں اسکواڈرن میں شامل کئے جائیں گے۔

اس موقع پر پاک فضائیہ کے طیاروں نے تقریب کے مہمان خصوصی وزیردفاع خواجہ آصف کو جہازوں سے سلامی پیش بھی کی جبکہ طیاروں نے فلائنگ پاسٹ کا بھی مظاہرہ کیا۔

واضح رہے کہ جے ایف 17 تھنڈر بلاک 2 لڑاکا طیاروں میں دورانِ پرواز ایندھن بھروانے کی اضافی سہولت بھی موجود ہے جس کے باعث یہ زیادہ فاصلے تک مار کرنے کے قابل ہیں۔ دسمبر 2016 میں پاکستان ایئروناٹیکل کمپلیکس (پی اے سی) کامرہ نے اعلان کیا تھا کہ اس نے مجموعی طور پر 70 عدد جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیارے پاک فضائیہ کے سپرد کردیئے ہیں۔

اس کے بعد جنوری 2017 کے وسط میں پی اے سی کامرہ نے جے ایف 17 تھنڈر کی مزید تصاویر جاری کیں جنہیں دیکھ کر عالمی دفاعی ماہرین نے اندازہ لگایا کہ پی اے سی کامرہ میں مزید 30 عدد جے ایف 17 تھنڈر بلاک 2 لڑاکا طیارے بنالئے گئے ہیں۔ قوی امکان ہے کہ آج کے روز یہی کھیپ پاک فضائیہ کے سپرد کی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔