ہوائی جہاز کے مسافروں کیلیے اسپیشل جیکٹ تیار

ویب ڈیسک  اتوار 19 فروری 2017
،یہ جیکٹ 15 کلو وزن تک اشیا سنبھال سکتی ہے
فوٹو: بشکریہ کراؤڈ فنڈنگ

،یہ جیکٹ 15 کلو وزن تک اشیا سنبھال سکتی ہے فوٹو: بشکریہ کراؤڈ فنڈنگ

برسبین: بار بار فضائی سفر کرنے والے خواتین و حضرات کو سامان اٹھانے، سنبھالنے، اشیا کھو دینے یا اضافی سامان پر رقم دینے کا خوف ستاتا رہتا ہے لیکن اب اس کا حل ایک کمپنی نے ’’ایئرپورٹ جیکٹ‘‘ کی صورت میں پیش کیا ہے جو 33 پونڈ (15کلوگرام) تک وزنی اشیا سنبھال سکتی ہے۔

ایئرپورٹ جیکٹ میں 14 جیبیں اور 2 عدد جڑنے اور الگ ہوجانے والی جیبیں شامل ہیں۔ کمپنی کے مطابق ایئرلائنز اکانومی مسافروں سے اضافی سامان پر بے رحمی سے پیش آتی ہے اسی بنا پر ایسی ایک جیکٹ بنائی گئی ہے جس میں لیپ ٹاپ، ٹیبلٹ، 4 جوتے، 2 جینز، 5 ٹی شرٹس، ڈی ایس ایل آر کیمرہ اور دیگر بہت سا سامان سماسکتا ہے۔

جیکٹ کے ڈیزائنر کا کہنا ہےکہ جیکٹ میں کل 14 گہری جیبیں ہیں اور اس کے علاوہ چھوٹی بڑی کئی جیبیں بنائی گئی ہیں۔ 2 جیبیں ایسی ہیں جنہیں لگایا اور نکالاجاسکتا ہے اور ان میں ایک پورا بیگ سماسکتا ہے۔

آپ اس جیکٹ میں سامان رکھ کر اطمینان سے طیارے تک جائیں اور وہاں اسے ایک بیگ میں رکھ دیں۔

دوسری جانب لوگوں نے ایئرپورٹ سیکیورٹی پر تمام جیبیں خالی کرنے اور دوبارہ جیکٹ میں رکھنے کی جھنجھٹ کی وجہ سے اس جیکٹ کو خود ایک مسئلہ قرار دیا ہے تاہم اس کے ڈیزائنروں کا اصرار ہے کہ وہ اسے آزما چکے ہیں اور انہیں کوئی مشکل پیش نہیں آئی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔