بھارت کی 6 صف اول کی اداکارائیں فلم کیلیے آڈیشن میں فیل

ویب ڈیسک  جمعـء 17 فروری 2017
ایران کے معروف ہدایت کار ماجد مجیدی نے اپنے پروجیکٹ کے لیے بھارت کی معروف ترین اداکاراؤں کے آڈیشن لیے، فوٹو؛ فائل

ایران کے معروف ہدایت کار ماجد مجیدی نے اپنے پروجیکٹ کے لیے بھارت کی معروف ترین اداکاراؤں کے آڈیشن لیے، فوٹو؛ فائل

ممبئی: عالمی شہرت یافتہ ایرانی ہدایتکار ماجد مجیدی نے اپنی نئی والی فلم ’’بیونڈ دی کلاؤڈ‘‘ کے لیے دپیکا پڈوکون اور پریانکا چوپڑا سمیت بھارت کی 6 صف اول کی اداکاراؤں کو آڈیشن میں فیل کردیا۔

فلم ’’چلڈرن آف ہیوین‘‘سے دنیا بھر میں شہرت حاصل کرنے والے ایرانی ہدایتکارماجد مجیدی بھارتی فلم نگری میں فلم ’’بیونڈ دی کلاؤڈ‘‘ سے قدم رکھ رہے ہیں جس کے لیے انہوں نے بالی ووڈ کی صف اول کی اداکارہ دپیکا پڈوکون اور پریانکا چوپڑا کا آڈیشن لیا لیکن انہیں کردار کے لیے’’مس فٹ‘‘ قرار دے دیا تاہم  اب عالمی شہرت یافتہ ہدایتکار نے نامی گرامی اداکاراؤں کو بھی مسترد کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہدایتکار ماجد مجیدی نے بالی ووڈ میں اپنے پروجیکٹ ’’بیونڈ دی کلاؤڈ‘‘ کے لیے فلم نگری کی  صف اول کی اداکاراؤں دپیکا پڈوکون، پریانکا چوپڑا، کنگنا رناوت، شردھا کپور، جیکولین فرنینڈس اور عالیہ بھٹ کے آڈیشن لیے لیکن یہ تمام اداکارائیں انہیں اپنی اداکاری سے متاثر کرنے میں ناکام ہوگئی ہیں اور انہیں ہدایتکار نے اپنی فلم کے لیے فیل قرار دے دیا ہے۔

دوسری جانب آڈیشن میں فیل اداکاراؤں نے فلم کے لیے  مسترد ہونے کی خبروں کوجھوٹا قرار دیا ہے اور وہ میڈیا کا سامنا کرنے سے کترارہی ہیں جس سے ان خبروں کو تقویت مل رہی ہے جب کہ ہدایتکار ماجد مجیدی نے صف اول کی اداکاراؤں سے مایوس ہونے کے بعد فلم کے لیے نیا چہرہ سامنے لانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کی تلاش شروع کردی ہے ۔

واضح رہے کہ ماجد مجیدی کی فلم ’’بیونڈ دی کلاؤڈ‘‘ میں شاہد کپور کے بھائی اہم کردار ادا کریں گے جب کہ فلم کے لیے موسیقار اے آر رحمان کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔