کراچی کنگز نے پی ایس ایل میں پہلی کامیابی حاصل کرلی

ویب ڈیسک  جمعـء 17 فروری 2017
بارش سے متاثرہ میچ میں ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت کراچی کنگز کو 8 رنز سے فاتح قرار دیا گیا۔۔ فوٹو: فائل

بارش سے متاثرہ میچ میں ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت کراچی کنگز کو 8 رنز سے فاتح قرار دیا گیا۔۔ فوٹو: فائل

شارجہ: پاکستان سپر لیگ کے دسویں میچ میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائٹیڈ کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 8 رنز سے شکست دے دی۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا میچ بارش سے متاثر ہونے کے باعث 13 اوورز تک محدود کردیا گیا جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 90 رنز بنائے جس کےجواب میں کراچی کنگز9.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 75 رنز بنائے تھے کہ ایک مرتبہ پھر بارش ہوگئی۔ موسلا دھار بارش کے باعث امپائرز نے ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت کراچی کنگز کو 8 رنز سے فاتح قرار دے دیا۔

ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی جانب سے کرس گیل اور بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا لیکن کرس گیل ایک بار پھر شائقین کو مایوس کرتے ہوئے صرف 2 رنز پر میچ کی تیسری گیند پر پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد کپتان کمار سنگاکارا بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی پیش نہ کرسکے اور 20 کے مجموعی اسکور پر 2 رنز بنا کر محمد عرفان کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ شعیب ملک6 اور روی بوپارا ایک رنز بنا کر پویلین لوٹے جب کہ بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 30 گیندوں پر 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 47 رنز بنا ئے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل کراچی کنگز کے کپتان کمار سنگاکارا نے ٹاس جیت کر پہلے اسلام آباد یونائٹیڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تو مصباح الیون کا آغاز مایوس کن رہا اور پہلے اوور کی دوسری ہی گیند پر سیم بلنگ بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔ ٹیم کا مجموعی اسکور 10 رنز تک پہنچا تو جارح مزاج بریڈ ہیڈن نے 6 رنز بنانے کے بعد گراؤنڈ بدر ہوگئے جب کہ ڈیون اسمتھ بھی 29 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر پویلین واپس لوٹ گئے۔ کپتان مصباح الحق نے انتہائی سست روی سے بیٹنگ کرتے ہوئے 25 گیندوں پر صرف 16 رنز بنائے جب کہ شین واٹسن 26 رنز بناسکے۔ کراچی کنگز کی جانب سے عماد وسیم اور اسامہ میر نے 2،2 جب کہ عثمان خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔