بلیوں کیلیے عالیشان فائیو اسٹار ہوٹل

ویب ڈیسک  ہفتہ 18 فروری 2017
ہوٹل میں بلیوں کو شیمپو سے نہالایا جاتا ہے اور ان کی جوئیں بھی نکالی جاتی ہیں۔ فوٹو؛ فائل

ہوٹل میں بلیوں کو شیمپو سے نہالایا جاتا ہے اور ان کی جوئیں بھی نکالی جاتی ہیں۔ فوٹو؛ فائل

کوالا لمپور: ملائیشیا میں بلیوں کے لیے ایک شاندار ہوٹل تعمیر کیا گیا ہے جہاں بڑے عالیشان بیڈ، پلے گراؤنڈ، درجہ حرارت کنٹرول کرنے والے کمرے اور لذیذ ترین کھانے موجود ہیں۔

ملائیشیا میں قائم اس ہوٹل ’’کیٹ زونیا‘‘ میں لوگ شہر سے باہر جانے پر اپنی محبوب پالتو بلیوں کو یہاں چھوڑ سکتے ہیں، یہاں کا عملہ بلیوں کا خاص خیال رکھتا ہے اور انہیں ہرطرح کا آرام پہنچاتا ہے۔ ہوٹل ملازمین کو احساس ہےکہ بلیوں کے مالکان اپنی مصروفیت کی بنا پر ان کا خیال نہیں رکھ سکتے اور وہ اس کسرکو پوری کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہوٹل میں بلیوں کی ذہنی اور جسمانی افزائش کی کوشش بھی کی جاتی ہے۔

ہوٹل کی ویب سائٹ کے مطابق بلیوں کو بھی چھٹیوں کی ضرورت ہوتی ہے، انہیں مالک سمجھنا چاہیے، انہیں ایک ایسا ماحول فراہم کیا جائے جہاں وہ گھر کا آرام محسوس کریں، انہیں تنہا نہ چھوڑا جائے بلکہ گلے لگایا اورپیار کیا جائے۔

ہوٹل میں سب سے اہم سروس وی وی آئی سی ( ویری ویری امپورٹنٹ کیٹ) روم ہے جہاں جہازی سائز کے عالیشان پلنگ موجود ہیں۔ ہوٹل میں ایک چھوٹا کھیل کا میدان ہے۔ اس کے علاوہ ایک علیحدہ باتھ روم اور ٹوائلٹ بھی ہے جب کہ ایئرکنڈیشنڈ کمروں میں وائی فائی بھی موجود ہے۔

ہوٹل کے ایک اور کمرے میں بلیوں کو معیاری شیمپو سے بھی نہلایا جاتا ہے اور ان کی جلد کی صفائی کے علاوہ جوئیں نکالی جاتی ہیں۔ یہاں سی سی ٹی وی کیمرے لگے ہیں اور بلی کے مالکان ایک ایپ کے ذریعے اپنے پالتو جانور پر 24 گھنٹے نظر رکھ سکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔