ایف بی آرنے افغانی اونیکس کی ویلیو ایشن میں 3 گنا اضافہ کردیا

بزنس رپورٹر  ہفتہ 18 فروری 2017
ایکسپورٹ گرے گی،اونیکس امپورٹ کرکے ویلیوایڈیشن کے بعدبرآمد کرتے ہیں،ثناء اﷲ  فوٹو: فائل

ایکسپورٹ گرے گی،اونیکس امپورٹ کرکے ویلیوایڈیشن کے بعدبرآمد کرتے ہیں،ثناء اﷲ فوٹو: فائل

 کراچی: ایف بی آر نے افغانستان سے درآمد ہونے والے اونیکس کی ویلیو ایشن میں 3 گنا اضافہ کردیا ہے جس کے نتیجے میں ملک سے ماربل مصنوعات کی برآمدات میں نمایاں کمی کا سامنا ہے۔

آل پاکستان ماربل انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ثناء اﷲ خان کے مطابق پاکستانی ماربل انڈسٹری افغانستان سے اونیکس امپورٹ کرکے پاکستان میں ویلیو ایڈیشن کے بعد دنیا کے مختلف ملکوں کو برآمد کرتی ہے، ایف بی آر نے افغانستان سے درآمد ہونے والے اونیکس کی ویلیوایشن یکدم 55ڈالر فی ٹن سے بڑھا کر 200ڈالر فی ٹن کر دی ہے جس سے پاکستانی صنعت کو لاگت میں غیرمعمولی اضافے اور برآمدات میں نمایاں کمی کا سامنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جولائی 2016 سے جنوری 2017 تک 7 ماہ میں پاکستان سے ماربل مصنوعات کی برآمد 26فیصد کم ہونے سے 3کروڑ 27لاکھ ڈالر سے گھٹ کر2 کروڑ 42 لاکھ ڈالر رہ گئیں۔ انھوں نے کہاکہ پاکستان سے ماربل کی برآمدات بڑھانے کے بھرپور امکانات ہیں تاہم حکومت کی جانب سے ماربل کی صنعت کو نظر انداز کیا جارہا ہے، ماربل انڈسٹریز ایسوسی ایشن نے ماربل سیکٹر کی ترقی اور برآمدات میں اضافے کے لیے تجاویز حکومت اور متعلقہ اداروں کو ارسال کردی ہیں، جن میں افغانستان سے اونیکس کی امپورٹ ویلیو 200 ڈالر سے کم کرکے 100 ڈالر کی سطح پر لانے کی تجویز دی گئی ہے۔

ماربل انڈسٹریز کے لیے 5 فیصد ری بیٹ، مقامی بلاکس، بولڈرز، ہینڈ پکس اور کرین پکس کی کم سے کم ایکسپورٹ ویلیو 150 ڈالر سے 250 ڈالر فی ٹن (سی این ایف) مقرر کرنے اور ایچ ایس کوڈ 6802/6815 لاگو کرنے کی تجویز دی گئی ہے، ٹریڈرز پر پابندی عائد کرتے ہوئے بلاکس کی امپورٹ ایکسپورٹ صرف مینوفیکچررز تک محدود کرنے کی تجویز دی گئی ہے، ماربل کی ایکسپورٹ کے لیے ایچ ایس کوڈ 2515 کا اطلاق کرتے ہوئے کم سے کم 70سے 100ڈالر فی ٹن سی این ایف ویلیو مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔