کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو شکست دیدی

ویب ڈیسک  ہفتہ 18 فروری 2017
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 201 رنز کا ہدف 18.5 اوورز میں حاصل کیا۔ فوٹو: بشکریہ پی ایس ایل فیس بک پیج

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 201 رنز کا ہدف 18.5 اوورز میں حاصل کیا۔ فوٹو: بشکریہ پی ایس ایل فیس بک پیج

شارجہ: پاکستان سپر لیگ کے دوسرے مرحلے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ 

شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنائے جس کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کیون پیٹرسن کی شاندار اننگز کی بدولت سنسنی خیز مقابلے کے بعد 18.5 اوورز میں ہدف حاصل کرلیا۔ ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے احمد شہزاد اور سعد نسیم میدان میں اترے لیکن دونوں بلے باز بالترتیب 15 اور 5 رنز بنانے کے بعد پویلن لوٹ گئے جس کے بعد کیون پیٹرسن اور ریلے روسو نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ پر 57 رنز جوڑے اور ٹیم کا مجموعی اسکور 81 تک پہنچا تو روسو 33 رنز بنا کر محمد عرفان کی گیند پر بلاول بھٹی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

تھسارا پریرا ایک اور سرفراز احمد 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شاندار کھیل پیش کرنے والے کیون پیٹرسن نے 8 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 42 گیندوں پر 88 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے سہیل تنویر اور محمد عرفان نے 2،2 جب کہ کیمرون ڈیلپورٹ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پر کیون پیٹرسن کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے بھی نوازا گیا۔

اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور لاہور قلندرز کی جانب سے جیس روئے اور فخرزمان نے شاندار آغاز فراہم کیا، جیس روئے 77 کے مجموعی اسکور پر 27 گیندوں پر 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 51 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ فخر زمان نے 47 رنز کی اننگز کھیلی۔ عمر اکمل ایک مرتبہ پھر خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور 17 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تاہم محمد رضوان اور کیمرون ڈیلپورٹ نے 77 رنز کی شراکت قائم کر کے کوئٹہ کو اچھا ٹارگٹ فراہم کرنے میں مدد دی، رضوان 46 اور کیمرون 35 پر ناٹ آؤٹ رہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے حسن خان نے 2 اور ذوالفقار بابر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس خبر کو بھی پڑھیںکراچی کنگز نے پی ایس ایل میں پہلی کامیابی حاصل کرلی

واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اب تک 3 میچز جیت چکی ہے جبکہ لاہور قلندرز صرف ایک میچ میں ہی کامیابی حاصل کر پائی ہے جو انہوں نے کراچی کنگز کے خلاف حاصل کی تھی۔ دونوں ٹیمیں ٹورنامنٹ میں پہلے بھی ایک دوسرے کے مد مقابل آ چکی ہیں جس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دلچسپ مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو شکست دی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔