لیہ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، جماعت الاحرار کے 5 دہشتگرد ہلاک

ویب ڈیسک  اتوار 19 فروری 2017
ٹی ٹی پی کمانڈر عمرخالد خراسانی کی جانب سے دہشتگردوں کو آج ملتان میں کارروائی کے احکامات جاری کئے گئے تھے، سی ٹی ڈی۔ فوٹو: فائل

ٹی ٹی پی کمانڈر عمرخالد خراسانی کی جانب سے دہشتگردوں کو آج ملتان میں کارروائی کے احکامات جاری کئے گئے تھے، سی ٹی ڈی۔ فوٹو: فائل

لیہ: کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے لیہ میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم جماعت الاحرار کے 5 دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لیہ میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران ایک مکان کو گھیرے میں لیا تو اس دوران دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی جس کے بعد دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک اور 2 سے 3 دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ سی ٹی ڈی اہلکاروں نے دہشت گردوں کے قبضے سے 4 ہینڈ گرینیڈ، 2 رائفل اور دیگر دھماکا خیز مواد برآمد کرلیا جب کہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے علاقے میں ناکہ بندی کرتے ہوئے تلاش شروع کردی۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان  اور جماعت الاحرار سے ہے جب کہ دہشت گردوں کو عمر خالد خراسانی کی جانب سے آج ملتان میں کارروائی کے احکامات ملے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔