روشن راستہ

ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی  اتوار 19 فروری 2017
آپ کی زندگی سے جڑے سوالوں کے بہتر جوابات۔ فوٹو : فائل

آپ کی زندگی سے جڑے سوالوں کے بہتر جوابات۔ فوٹو : فائل

بیٹا گٹکا کھاتا ہے
سوال: میرا بیٹا بُری صحبت میں پڑگیا ہے۔ گٹکا کھاتا ہے اور سگریٹ پیتا ہے۔ ہم اُسے سمجھاتے ہیں تو ہم سے زبان چلاتا ہے۔ رات گئے تک گھر سے غائب رہتا ہے۔ پہلے اُس کا رنگ صاف تھا اب کالا ہوتا جارہا ہے۔ پڑھائی میں بالکل دل چسپی نہیں لیتا، کالج کا کہہ کر گھر سے نکلتا ہے اور اِدھر اُدھر گھوم پھر کر آجاتا ہے۔
(حفیظ خان)
جواب: جب آپ کیا بیٹا رات کو گہری نیند میں ہو تو آپ اُس کے سرہانے کچھ فاصلے پر کھڑے ہو کر اتنی اونچی آواز سے کہ بیٹے کی نیند میں خلل نہ ہو اکیس مرتبہ سورہ انعام (6) کی آیت نمبر54، تین تین مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر اس پر دم کردیں اور اس کی قوت ارادی میں اضافے اور استقامت کی توفیق ملنے کی دعا کریں۔ یہ عمل چالیس روز یا نوے روز تک جاری رکھیں۔

لوگوں سے کتراتا ہوں
سوال: الحمدﷲ! میں صحت مند ہوں اور ایک ذمّے دار عہدے پر کام کررہا ہوں۔ اﷲ تعالیٰ کا مجھ پر بڑا کرم ہے۔ لیکن مجھ میں ایک بڑی خامی یہ ہے کہ میں لوگوں سے ملنے جلنے سے کتراتا ہوں۔ مجھے کسی تقریب میں شرکت کرنی ہو تو میں کوئی ایسی وجہ ڈھونڈتا ہوں جسے بنیاد بنا کر وہاں نہ جاسکوں۔ لوگ مجھے بڑی محبت سے بُلاتے ہیں، لیکن میں اکثر نہ جانے کا کوئی بہانہ تراش لیتا ہوں ۔ بعد میں مجھے افسوس بھی ہوتا ہے ۔ اگر بالفرض محال کسی تقریب میں چلا بھی جاؤں تو جلد واپسی کا سوچتا ہوں۔
(وحید خان ۔ راولپنڈی)
جواب: صبح اُٹھ کر منہ ہاتھ دھو کر اور شام کو عصر مغرب کے درمیان اکیس مرتبہ اﷲ تعالیٰ کے اسم یا معیز تین تین مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر ایک ایک ٹیبل اسپون شہد پر دم کر کے پی لیں۔ چلتے پھرتے اُٹھتے بٹھتے ، وضو بے وضو اللہ تعالیٰ کے اسماء یاحی یاقیوم کا ورد کرتے رہیں۔ اپنے بیڈ روم میں قدموں کی طرف کوئی ایسی پینٹنگ لگالیں جس میں صبح کا منظر دکھایا گیا ہو اور اس میں اورنج رنگ غالب ہو۔

عینک ضرور لگائیں
سوال: مجھے ایک عرصے سے دور کی چیزیں دھندلی نظر آتی ہیں۔ پچھلے دنوں آنکھوں کا معائنہ کروایا تو ڈاکٹر نے مجھے عینک لگانے کے لیے کہا۔ میں ایک طالب علم ہوں، میں عینک نہیں لگانا چاہتا۔ مجھے ڈر ہے کہ عینک لگانے سے میرے کلاس فیلوز میرا مذاق اُڑائیں گے اور اس طرح عینک میری تعلیم میں رُکاوٹ بن جائے گی۔
(محمد نبیل۔ ملتان)
جواب: عزیز نوجوان! دوسروں کے غیرسنجیدہ رویوں کا سوچ سوچ کر اپنی صحت اور وقت کا نقصان کرنے کے بجائے تم خود کو ایسا بناؤ کہ دوسرے تمہاری تقلید کرتے ہوئے اچھا محسوس کریں۔ تم جن لوگوں کے ردِعمل سے ڈر کر عینک لگانے سے گریز کررہے ہو، کیا وہ عملی زندگی میں ہر جگہ تمہارے ساتھ کھڑے ہوں گے؟ تمہارے کیریر میں کسی مقام کا دارومدار تمہاری اُس مارکس شیٹ پر ہوگا جو تمہاری محنت، یکسوئی اور توجہ کی مظہر ہوگی۔ اس وقت عینک نہ لگانا کلاس روم میں تمہارے لیے کئی دشواریوں اور اُلجھنوں کا سبب بنے گا۔ میرا تمہیں مشورہ ہے کہ کلاس فلوئز کے مذاق اُڑانے کا نہ سوچو، اگر اُنہوں نے مذاق اُڑایا بھی تو محض دو چار دن کی بات ہوگی۔ ڈاکٹر کے مشورے پر عمل کرو اور اُنہوں نے دور کی نظر کم زور ہونے کی وجہ سے تمہارے لیے جو نمبر تجویز کیا ہے، اُس کی عینک کا استعمال شروع کردو۔ عینک لگانے کے ساتھ ساتھ عام جسمانی صحت اور نظر کی بہتری کے لیے گاجروں کا استعمال بھی بہت مفید ہے۔ تم صبح اور شام ایک ایک گلاس گاجر کا رس سارے موسم پیو۔

بال گر رہے ہیں
سوال: میرے سر کے بال بہت تیزی کے ساتھ جھڑ رہے ہیں۔ کافی علاج کروایا اور کئی تیل بھی لگائے لیکن فائدہ نہیں ہوا۔ پہلے میرے بال بہت گھنے لمبے اور خوب صورت ہوتے تھے لیکن اب آدھے سے بھی کم رہ گئے ہیں۔ ہماری ایک پڑوسن کا کہنا ہے کہ تمہارے گھنے بالوں کو نظر لگ گئی ہے کوئی دعا کرواؤ۔
(م ۔و: کراچی)
جواب: بال گرنے کی کئی وجوہات ہوسکتی ہیں۔ ان میں متوازن غذا نہ لینا ، نیند کی کمی، سر میں خشکی وغیرہ شامل ہیں۔ نظرِبد سے بھی صحت اور حسن پر منفی اثرات ہوسکتے ہیں۔ صبح اور شام سات مرتبہ سورۂ فلق، سات مرتبہ سورۂ الناس تین تین مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر پانی پر دم کرکے پییں اور اپنے دونوں ہاتھوں پر دم کریں اور ہاتھ سر پر پھیرتے ہوئے پورے بالوں پر پھیر لیں۔ ایسا تین مرتبہ کیا جائے۔ حسبِ استطاعت صدقہ کردیں۔ صدقہ نظرِبد اور سحر کے منفی اثرات سے بچاؤ کے لیے ڈھال بن جاتا ہے۔
غذا میں دودھ بالائی، دیسی مرغی کے انڈے کی زردی، بکرے کی تازہ کلیجی، تازہ سبزیاں خصوصاً بندگوبھی، گاجر ، ٹماٹر، پالک اور سلاد کا استعمال زیادہ رکھیں۔

انگلش میں مہارت
سوال: میری شادی ہونے والی ہے۔ میرے سُسرال میں سب لوگ روانی کے ساتھ انگلش بولتے ہیں لیکن میری انگلش بہت خراب ہے۔ میرے منگیتر نے مجھ سے کہا ہے کہ انگلش میں مہارت حاصل کرو۔ اُن کا کہنا ہے کہ اُن کے تمام دوستوں کی بیویاں بھی انگلش میں بات کرتی ہیں۔ تم بھی روانی سے انگلش بولنا سیکھو۔
(ر۔ ح: لاہور)
جواب: انگلش یا کوئی بھی زبان سیکھنے کے لیے ضروری ہے کہ اُس زبان میں زیادہ سے زیادہ پڑھا جائے، وہ زبان بولی جائے اور اُس میں لکھنے کی بھی کوشش کی جائے۔ آپ کسی اچھے ٹیچر سے انگلش لینگویج کی کلاسز لیجیے۔ خود پر اعتماد رکھیے۔ آپ انشاء اللہ جلد ہی روانی کے ساتھ انگلش بولنے لگیں گی۔
بطور روحانی علاج رات سوتے وقت تین عدد بادام کی گری پر تین مرتبہ یاذوالجلال والا کرام پڑھ کر دم کردیں۔ ایک گری رات سوتے وقت، ایک گری صبح نہار منہ اور ایک گری دوپہر کھانے سے پہلے کھالیجیے۔ یہ عمل کم ازکم ایک ماہ تک جاری رکھیں۔

بیٹی کا مسئلہ
سوال: میری 9 سالہ بیٹی کی اسکول ٹیچر کہتی ہیں کہ وہ آج کل خوف زدہ اور کھوئی کھوئی سی رہتی ہے۔ گھر میں اُس کا یہ حال ہے کہ کوئی بات پسند نہ آئے تو چیخنا چلانا شروع کردیتی ہے اور پھر رونے لگتی ہے۔ البتہ اپنی نانی کے گھر جاکر اُس کا رویّہ بہت اچھا ہوجاتا ہے۔ میری امی اور بہنیں کہتی ہیں کہ اس کے جیسی اچھی بچی اور کوئی نہیں۔
(خ۔ح: حیدرآباد)
جواب: آپ کی بیٹی گھر میں اور اسکول میں اپنے آپ کو غیرضروری پابندیوں میں گھرا ہوا محسوس کرتی ہے۔ اسے ان دونوں جگہ نفسیاتی مدد اور حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ نانی کے گھر میں اُسے کھلے پن کا احساس ہوتا ہے۔ اس لیے وہاں وہ اپنے فطری انداز میں Behave کرتی ہے۔ بہتر ہوگا کہ اُسے چند روز کے لیے نانی کے گھر رہنے دیں۔ وہ وہیں سے اپنے اسکول جائے اور اسکول سے واپس نانی کے گھر چلی جائے۔ اُس کی کلاس ٹیچر سے بات کریں کہ وہ چند ہفتوں تک اس بچی کے ساتھ شفقت سے پیش آئیں اور اسے انفرادی توجہ دیں۔
بطور روحانی علاج اکیس مرتبہ یااللّٰہ، یا رحمن، یا رحیم تین تین مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر پانی پر دم کرکے پلائیں اور اُس پر بھی دم کردیں۔ یہ عمل کم از کم ایک ماہ تک جاری رکھیں۔

ملازمت نہیں ملتی
سوال: میرے بڑے بھائی نے کمپیوٹر سائنس میں ماسٹرز کیا ہوا ہے، لیکن اُنہیں اپنی فیلڈ میں ملازمت نہیں مل رہی۔ انٹرویو کے لیے تو کئی جگہ بلایا لیکن ملازمت نہیں ہوئی۔ اتنی اچھی تعلیم کے بعد دو سال تک کوالیفیکیشن کے مطابق جاب نہ ملنے سے بڑے بھائی بہت چڑچڑے ہوگئے ہیں۔
(سعدیہ۔گوجرانوالہ)
جواب: آپ یا آپ کی والدہ بعد نماز عشاء اول و آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ اکتالیس مرتبہ آیت الکرسی پڑھ کر بھائی کی اچھی جگہ ملازمت کے لیے دعاکریں۔ یہ وظیفہ کم از کم چالیس روز تک جاری رکھیں۔

تین بیٹیوں کا ساتھ ہے
سوال: میں گذشتہ 25 سال سے ایک پرائیویٹ ادارے میں ملازمت کررہا ہوں۔ تنخواہ میں ہر سال معمولی سا اضافہ تو ہوتا ہے مگر منہگائی میں تو کئی گنا اضافہ ہوجاتا ہے۔ خدا کا شکر ہے کہ گھر کے اخراجات پورے ہورہے ہیں لیکن بچت بالکل نہیں ہے۔ تین جوان بیٹیوں کا باپ ہوں۔ ان کے رشتے بھی آرہے ہیں، لیکن میرے پاس اتنی رقم نہیں کہ ان کا جہیز تیار کرسکوں۔
(نام شائع نہ کیا جائے)
جواب: عشاء کی نماز کے بعد 101مرتبہ سورۂ آلِ عمران کی آیت 37میں سے:
ان اﷲ یرزق من یشآء بغیر حسابO گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر یہ تصور کریں کہ آپ بیت اللہ شریف میں حاضر ہیں۔ چند منٹ کے اس تصور کے بعد اللہ تعالیٰ کے حضور اپنی درخواست پیش کریں۔ یہ عمل کم از کم چالیس روز تک جاری رکھیں۔ اللہ مسبب الاسباب ہے۔ آپ نے اپنی بیٹیوں کو اچھی تعلیم دلائی، اُن کی اچھی تربیت کی۔ اب آپ پر بیٹیوں کی جو ذمے داری ہے انشاء اللہ اُس کی ادائی کے لیے اﷲ کی مدد آپ کے ساتھ ہوگی۔

موٹی آواز
سوال: لوگ کہتے ہیں کہ میری آواز بہت موٹی ہے۔ مجھے نعتیں پڑھنے کا بہت شوق ہے لیکن اپنی آواز کے بھاری پن کی وجہ سے میں کسی محفل میں نعت پڑھتے ہوئے ہچکچاتی ہوں۔ کوئی ایسا طریقہ بتائیں کہ میری آواز خوب صورت اور سُریلی ہوجائے۔
(ن۔ش:منڈی بہاء الدین)
جواب: چند ہفتوں تک فریج میں رکھا ہوا یا برف سے ٹھنڈا کیا ہوا پانی یا کوئی اور ٹھنڈے مشروبات نہ پییں۔ صبح اُٹھ کر ایک گلاس نیم گرم پانی پییں۔ نیم گرم پانی میں تھوڑا سا نمک ملا کر دن میں دو تین بار غرارے بھی کرلیا کریں۔ صبح تین مرتبہ سورۂ فاتحہ پڑھ کر ایک پیالی پانی پر دم کر کے پی لیں۔ روزانہ تازہ ناریل کی تین چار قاشیں خوب اچھی طرح چبا کر کھائیں۔ اگر ہوسکے تو ناریل کا تیل کھانے میں بھی استعمال کریں۔ انشاء اللہ چند ہفتوں میں آواز کا بھاری پن ٹھیک ہوجائے گا۔

اکلوتے جوان بھائی کی جدائی
سوال: کچھ عرصہ پہلے میرے اکلوتے جوان بھائی کا کراچی میں ایک ایکسیڈنٹ میں انتقال ہوگیا۔ اس صدمے سے ہمارا پورا خاندان جیسے ٹوٹ سا گیا۔ میں دبئی میں رہتی ہوں بھائی کے ایکسیڈنٹ کی خبر پر فوراً کراچی پہنچی، لیکن میرے کراچی پہنچنے سے آدھا گھنٹہ پہلے وہ ہم بہنوں اور والدین کو چھوڑ کر اس دنیا سے جاچکا تھا۔ محترم عظیمی صاحب! میں بیان نہیں کرسکتی کہ میری کیا حالت ہوئی۔ دل ایسا لگتا تھا کہ سینہ توڑ کر باہر نکل جائے گا۔ بھائی کی میت کے سرہانے اپنے بوڑھے ماں باپ کو دیکھتی تھی تو میری حالت اور خراب ہوجاتی تھی۔ چند ہفتے کراچی میں رہنے کے بعد اب میں دبئی واپس آگئی ہوں۔ اس سانحے پر میرے شوہر نے میرا بہت ساتھ دیا۔ وہ اب بھی میرا بہت خیال رکھتے ہیں، لیکن مجھے کسی پل صبر نہیں آرہا۔ آپ سے درخواست ہے کہ محفلِ مراقبہ میں میرے جوان مرحوم بھائی کی مغفرت اور ہم سب کو صبر آجانے کی دعا کروادیں۔
(رخسانہ۔ دبئی)
جواب: اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ آپ کے مرحوم بھائی کی مغفرت ہو اور اُنہیں جنت میں اعلیٰ مقام عطا ہو۔ آپ کے والدین اور آپ سب بہنوں کو اور مرحوم کے سب متعلقین کو صبرِجمیل عطا ہو۔ کسی کی رحلت پر اُسے ایصالِ ثواب کرتے رہنا بھی صبر کا ذریعہ بنتا ہے۔ قرآن پاک کی تلاوت، اللہ تعالیٰ کے اسماء اور درودشریف کا زیادہ سے زیادہ ورد کرکے اپنے مرحوم بھائی کو ایصالِ ثواب کیجیے۔ مرحوم بھائی کے لیے صدقہ جاریہ کا اہتمام بھی کیجیے۔ مثال کے طور پر ایصالِ ثواب کی نیت سے کسی مسجد کے اخراجات یا کسی غریب گھرانے کے بچوں کے اسکول کے اخراجات کی ادائی کا اہتمام۔ بطور روحانی علاج روزانہ صبح شام 101مرتبہ سورۂ بقرہ (2)کی آیت: انا ﷲ وانا الیہ راجعونO گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے بھائی کی مغفرت اور اپنے لیے صبر کی دعا کریں۔

دوسروں کی صلاحیتوں پر حسد
سوال: میں گیارہویں جماعت کا طالب علم ہوں۔ ہمارے گاؤں میں تعلیمی سہولتیں بالکل نہیں ہیں۔ اس لیے میں ہاسٹل میں رہ کر تعلیم حاصل کررہا ہوں۔ میرا تعلق ایک مڈل کلاس گھرانے سے ہے۔ میں پڑھائی میں اچھا ہوں لیکن میرے ساتھ ایک مشکل یہ ہے کہ کسی کو پڑھائی مںت اپنے سے بہتر دیکھوں تو مجھے خوشی نہیں ہوتی اور اُس پر غصہ آتا ہے۔ اس کیفیت سے واقف میرے ایک اُستاد کہتے ہیں کہ تمہارے اندر حسد اور جلن بہت زیادہ ہے۔ اب میں بھی اس بات کو تسلیم کرتا ہوں لیکن میری کلاس میں کوئی مجھ سے آگے جائے یہ ابھی بھی مجھے گوارا نہیں۔
(نام شائع نہ کریں۔ کوئٹہ)
جواب: عزیز نوجوان طالب علم! ایک بات یاد رکھو۔ کوئی ایک انسان ہر قسم کی صلاحیتیں نہیں رکھتا۔ قدرت نے ہر انسان کو الگ الگ صلاحیتوں سے نوازا ہے۔ ان صلاحیتوں کا مجموعہ ہی کسی ایک آدمی کو یا بے شمار لوگوں کے لیے کام یابیوں کا ذریعہ بنتا ہے۔ ایک فارمولا سمجھ لو ’’سانجھا کرنے سے کام یابیاں یقینی ہوجاتی ہیں اور جب تک یہ سانجھا چلتا ہے کام یابیوں میں مسلسل اضافہ ہوتا رہتا ہے۔‘‘ انسان کی ہر صلاحیت اللہ کی عطا کردہ ہے۔ آدمی کو اپنی صلاحیتوں پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے اور دوسروں کی صلاحیتوں پر بھی اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔ جب بھی تم کسی اچھے طالب علم کو دیکھو تو کہو سبحان اللہ ساتھ یہ بھی ارادہ کرو کہ میں اس سے کچھ نہ کچھ سیکھوں گا اور اس کا شکریہ بھی ادا کروں گا۔ یاد رکھو! یہاں جو کچھ ہے سب اللہ کی طرف سے ہے۔ قرآن میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں، والراسخون فی العلم یقولون امنا بہ کل من عند ربنا وما یذکرالااولو الالباب (سورۂ آل عمران(3)آیت نمبر 7)
تم صبح اور شام قرآن پاک کی تلاوت کیا کرو اور اس بات پر غور کیا کرو کہ اللہ تعالیٰ اپنی اربوں کھربوں مخلوقات کو مسلسل رزق فراہم کررہا ہے اور تم اپنے حالات پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا کرو۔ تمہارے گاؤں میں اسکول نہیں لیکن تمہارے والدین نے بہت ایثار کرکے تمہارے لیے تعلیم کا بندوبست کیا ہے۔ غور کرو کہ تم کروڑوں بچوں سے بہتر حالات میں تعلیم حاصل کررہے ہو۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے رہنے سے دل میں منفی جذبات ماند پڑنے لگتے ہیں۔

خط بھیجنے کے لیے پتا ہے۔
’’روشن راستہ‘‘ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی
پی او بکس 2213 ،کراچی۔74600
ای میل: [email protected]
فون نمبر: 021-36685469

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔