چترال میں لواری ٹنل کے مزدوروں کے کیمپ پربرفانی تودا گرنے سے 7 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک  اتوار 19 فروری 2017
ملبے سے7 افراد کی لاشوں کے ساتھ  7  کو زندہ نکاللیا گیا ہے،پی ڈی ایم اے فوٹو:فائل

ملبے سے7 افراد کی لاشوں کے ساتھ 7 کو زندہ نکاللیا گیا ہے،پی ڈی ایم اے فوٹو:فائل

چترال/اسکردو: چترال میں شدید برفباری کے باعث برفانی تودا گرنے سے 7 افراد جاں بحق جب کہ اسکردو میں  برف باری کے باعث  طبی سہولیات کے فقدان کے نتیجے میں 5 افراد اپنی جانوں سے ہا تھ دھوبیٹھے ۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چترال میں لواری ٹنل کے قریب برفانی تودا مزدوروں کے لئے تعمیر کمروں پر گرنے سے 15 افراد دب گئے۔ صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق ملبے سے 7 افراد کی لاشوں کے ساتھ  7  کو زندہ نکال لیا گیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: چترال میں برفانی تودہ گھروں پرگرنے سے 14 افراد جاں بحق

ضلعی انتظامیہ کے مطابق ملبے سے نکالے گئے 7 افراد میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور منتقل کر دیا گیا ہے جب کہ دیگر کو طبی امداد کے لئے دیر منتقل کیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لواری ٹنل کے قریب جاری امدادی کارروائیوں میں شرکت کرنے کے لئے پاک فوج کے دستے بھی پہنچ چکے ہیں اور جوانوں کی مدد سے برفانی تودے کا ملبہ ہٹایا جا رہا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: برفانی تودہ گرنے سے 2 افراد جاں بحق، متعدد لاپتہ

دوسری جانب اسکردو میں برفانی تودے گرنے سے کھرمنگ کے 3 دیہاتوں کا زمینی رابطہ دیگر علاقوں سے منقطع ہے، 20 روز سے دوسرے علاقوں سے رابطے منقطع ہونے والے دیہاتوں میں کتی شو، داپا اور چھٹ پا شامل ہیں جب کہ ان علاقوں کے مکین محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں طبی سہولیات کے فقدان، اسپتالوں تک رسائی نہ ہونے اور ریسکیو ٹیموں کی پہنچ سے دور ہونے کے باعث اب تک 5 افراد جاں بحق اور متعدد افراد کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔