اورنگی ٹاؤن میں پولیس مظاہرین پرٹوٹ پڑی، متعدد زخمی اور کئی گرفتار

ویب ڈیسک  اتوار 19 فروری 2017
ہوائی فائرنگ اور شیلنگ مظاہرین کی جانب سے پولیس وین پر پتھراؤ کے بعد کی گئی، پولیس کا موقف۔ فوٹو: پی پی آئی

ہوائی فائرنگ اور شیلنگ مظاہرین کی جانب سے پولیس وین پر پتھراؤ کے بعد کی گئی، پولیس کا موقف۔ فوٹو: پی پی آئی

 کراچی: اورنگی ٹاؤن میں چوری اور ڈکیتیوں کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر پولیس ٹوٹ پڑی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے جب کہ پولیس نے کئی افراد کو حراست میں لے لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے اسلام چوک پر علاقہ مکینوں کی جانب سے چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کے خلاف احتجاج جاری تھا کہ اس دوران پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر 6 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جس کے بعد مظاہرین بپھر گئے اور پولیس پر پتھراؤ شروع کردیا جس کے نتیجے میں 2 اہلکار زخمی اور پولیس وین کے شیشے ٹوٹ گئے۔

پولیس اور مظاہرین کی جانب سے شیلنگ اور پتھراؤ کا سلسلہ 2 گھنٹے تک جاری رہا جس کے بعد پولیس کی اضافی نفری طلب کرلی گئی تاہم اس کے باوجود بات نہ بنی تو رینجرز کو بھی میدان میں کودنا پڑا اور جونہی صورتحال معمول پر آئی تو پولیس نے علاقہ مکینوں کی پکڑ دھکڑ شروع کرتے ہوئے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔ لوگوں کی گرفتاریوں کے بعد مشتعل خواتین سڑکوں پر نکل آئیں اور اس دوران پولیس اہلکاروں نے خواتین کے ساتھ بدتمیزی بھی کی۔

پولیس کے مطابق ہوائی فائرنگ اور شیلنگ مظاہرین کی جانب سے پولیس وین پر پتھراؤ کے بعد کی گئی جب کہ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں بڑھتی ہوئی چوری کی وارداتوں کے خلاف احتجاج جاری تھا کہ اس دوران پولیس نے ہوائی فائرنگ اور شیلنگ شروع کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔