شرجیل اور خالد کو ’ کارناموں ‘ کے ثبوت دکھائے ہیں، بورڈ وکیل

اسپورٹس رپورٹر  پير 20 فروری 2017
ناصر جمشید کو بھی اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیشی کیلیے نوٹس بھجوانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ فوٹو : فائل

ناصر جمشید کو بھی اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیشی کیلیے نوٹس بھجوانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ فوٹو : فائل

لاہور: پی ایس ایل کے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث شرجیل خان اور خالد لطیف کو ’’کارناموں‘‘ کے ثبوت دکھائے گئے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے قانونی مشیرتفضل رضوی کا کہنا ہے کہ اسپاٹ فکسنگ کیس میں ملوث شرجیل خان اور خالد لطیف کو نوٹس جاری کرنے سے قبل سارے ثبوت دکھائے ہیں، دونوں کرکٹرز کو 14روز میں جواب دینا ہے تاہم عدالت جانے سے پہلے انھیں پی سی بی کے قانونی تقاضے پورے کرنا ہوں گے جب کہ کوڈ آف کنڈکٹ کی شقوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے اس کیس میں انھیں6 ماہ سے لیکرتاحیات پابندی کی سزادی جاسکتی ہے۔

دوسری جانب ناصر جمشید کواینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش ہونے کیلیے نوٹس بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق اے سی یوحکام کا دعوٰی ہے کہ انھوں نے ٹیسٹ کرکٹرکیخلاف تحقیقات میں خاصی پیشرفت کی ہے۔ ناصر جمشید کے پاس امریکی شہریت بھی ہے جب کہ ان کی بیوی برطانوی شہری اور ڈاکٹر ہیں۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ناصر جمشید کا نام بھی لیا جارہا ہے، مبینہ طور پر ان کے ایما پر ہی خالد لطیف اور شرجیل خان نے یوسف نامی بکی سے دبئی میں ملاقات کی تھی۔

واضح رہے کہ گذشتہ دنوں ناصر جمشید اور بکی یوسف کی انگلینڈ میں گرفتاری اور ضمانت پر رہائی کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔