قلی کا بیٹا کروڑ پتی بن گیا

ویب ڈیسک  پير 20 فروری 2017
آئی پی ایل میں کنگز الیون پنجاب نے قلی کے بیٹے فاسٹ بولر کو 3 کروڑ میں خریدا، فوٹو؛ فائل

آئی پی ایل میں کنگز الیون پنجاب نے قلی کے بیٹے فاسٹ بولر کو 3 کروڑ میں خریدا، فوٹو؛ فائل

بینگلورو: انڈین پریمیر لیگ میں انتہائی غریب گھرانے سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی نے بھی جگہ بنالی جسے کنگز الیون پنجاب نے 3 کروڑ میں خریدا ہے۔

انڈین پریمیئرلیگ کے 2017 کے ایڈیشن کے لیے کھلاڑیوں کی بولی لگائی گئی جس میں مختلف ٹیموں نے  بڑے بڑے نام مہنگے داموں  خریدے لیکن مہنگے ترین کھلاڑیوں کی فہرست میں تامل ناڈو کے ریلوے اسٹیشن پر کام کرنے والے قلی کا بیٹا بھی شامل ہے جسے کنگز الیون پنجاب نے 3 کروڑ میں خریدا ہے۔

نوجوان فاسٹ بولر تھنگ راسو نٹ راجن کا تعلق بھارتی ریاست تامل ناڈو کے انتہائی غریب خاندان سے ہے اور ان کے والد ریلوے اسٹیشن پر قلی کا کام کرتے ہیں جنہیں روزانہ 500 روپے اجرت ملتی ہے جب کہ اولاد کا پیٹ بھرنے کے لیے فاسٹ بولر کی والدہ بھی بازار میں گوشت فروخت کرتی ہیں لیکن اب نوجوان فاسٹ بولر کو ان کی صلاحیتوں اور آئی پی ایل نے راتوں رات امیر بنا دیا ہے۔

تھنگ راسونٹ راجن کی خریداری کے لیے بولی کا آغاز 10 لاکھ سے ہوا تھا لیکن انہیں کنگز الیون پنجاب نے 3 کروڑ میں خریدا جو کہ اس فرنچائز کے سب سے مہنگے ترین کھلاڑی ہیں جب کہ اسی فرنچائز نے انگلینڈ کے کپتان این مورگن کو 2 کروڑ میں خریدا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔