خاتون نے آپریشن کراکے اپنا دل ہاتھ میں رکھ لیا

ویب ڈیسک  بدھ 22 فروری 2017
امریکی خاتون نے تبدیلی قلب کے آپریشن کے بعد اپنے پرانے دل کو ہاتھ میں لے کر تصویر بنوائی، فوٹو؛ سوشل میڈیا

امریکی خاتون نے تبدیلی قلب کے آپریشن کے بعد اپنے پرانے دل کو ہاتھ میں لے کر تصویر بنوائی، فوٹو؛ سوشل میڈیا

نیو جرسی: امریکی خاتون کی انوکھی خواہش پر عمل کرتے ہوئے ڈاکٹروں نے تبدیلئ قلب کے آپریشن کے بعد خاتون کا ناکارہ دل ان کے ہاتھوں میں تھمادیا جس کے ساتھ مریضہ نے یادگار تصویریں بھی کھنچوائیں۔

نیو جرسی کی رہائشی خاتون 12 سال کی عمر سے دل کی بیماری میں مبتلا تھیں جسے ہائپرٹروفک کارڈیومایوپیتھی کہا جاتا ہے۔ اس بیماری میں مریض کے دل کے پٹھے کمزور پڑتے جاتے ہیں اور آخرکار وہ بالکل ناکارہ ہوجاتے ہیں۔

36 سال تک اس بیماری سے لڑتے رہنے کے بعد بالآخر خاتتون کے دل کے پٹھے بالکل جواب دے گئے جب کہ اسی دوران انہیں پیوند کے لیے دل کا عطیہ بھی میسر آگیا۔ البتہ آپریشن تھیٹر میں جانے سے پہلے انہوں نے ڈاکٹروں سے خواہش ظاہر کی کہ وہ ہوش میں آنے کے بعد اپنا ناکارہ ہوجانے والا دل ہاتھ میں لے کر دیکھنا چاہیں گی۔

خاتون کا آپریشن کامیاب رہا اور انہیں ہوش آیا تو ڈاکٹروں نے ان کی خواہش کا احترام کرتے ہوئے ان کا ناکارہ دل ان کے ہاتھ میں پکڑا دیا جس کے ساتھ مریضہ نے تصاویر بھی کھنچوائیں۔

خاتون کا کہنا ہے کہ اپنے ناکارہ دل کو ہاتھ میں لیتے وقت وہ انہیں کچھ بھاری لگا لیکن اس کے ساتھ انہوں نے زندگی کے 48 سال گزارے ہیں اس لیے وہ چاہتی ہیں کہ اپنے پرانے دل سے جدا ہونے کے لمحات کو یادگار بنایا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔