لاہور دھماکا؛ حزب الاحرار کی ویب سائٹ بھارت سے آپریٹ ہورہی تھی

نمائندہ ایکسپریس  بدھ 22 فروری 2017
4مدارس کی نگرانی سخت، کالعدم تنظیموں کے کارکنوں کی گرفتاری کیلیے چھاپے۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

4مدارس کی نگرانی سخت، کالعدم تنظیموں کے کارکنوں کی گرفتاری کیلیے چھاپے۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

لاہور: سانحہ مال روڈ کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، دھماکے کے تانے بانے بھارت سے بھی ملنے لگے۔

نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب اسمبلی کے سامنے مال روڈپرہونے والے خود کش دھماکے کی ذمے داری قبول کرنیوالی کالعدم تنظیم حزب الاحرار نے وقوعہ کے چند گھنٹے بعد دھماکے سے متعلق تفصیلات بھی اپنی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کی تھیں جس پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر رکھا تھا۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے اور سی ٹی ڈی سمیت قانون نافذ کرنے والوں اداروں نے تفتیش کے دوران حزب الاحرار کی ویب سائٹ کا پتہ چلا لیاہے جو بھارت سے آپریٹ ہو رہی تھی۔ ویب سائٹ کا آئی پی ایڈریس بھارتی شہر چنائی سے آپریٹ ہو رہاتھا جس کے ثبوت وزارت داخلہ کو فراہم کر دیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے بھارتی ہائی کمیشن کو اس حوالے سے ثبوت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس پر باقاعدہ احتجاج بھی ریکارڈ کرایا جائے گا۔

علاوہ ازیں ایف آئی اے انسداد دہشت گردی سرکل نے لاہور کے 4دینی مدارس کی نگرانی سخت کردی اورکالعدم مذہبی اورجہادی تنظیموں کے مفرور کارکنوں کی گرفتاری کیلیے چھاپے مارے۔ بتایا گیاہے کہ ان دینی مدارس میں کے پی کے، دوسرے صوبوں اور جنوبی پنجاب کے طلبا کی ایک بڑی تعدادزیرتعلیم ہے، مدارس کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ہاں دوسرے صوبوں اور جنوبی پنجاب سے آنے والے تمام مہمانوں کے کوائف درج کریں گے۔ شہر میں مقیم کے پی کے سے متصل 7 ایجنسیوں کے افراد کے ہاں آنے والے مہمانوں کی بھی نگرانی کی جا رہی ہے، ان ایجنسیوں کے افراد کے کاروباری مراکز کی بھی فہرستیں تیار کی جا رہی ہیں۔

ادھر اینٹی ٹیرراسٹ ایکٹ کے شیڈول 4 میں درج 22 مشکوک افراد کا کال ڈیٹا حاصل کر کے ان کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، ان افراد کے بارے شبہ ہے کہ وہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کا کردار ادا کرسکتے ہیں جب کہ انسداد دہشت گردی سرکل نے کالعدم مذہبی اور جہادی تنظیموں کے 112اشتہاری کارکنوں کی فہرستیں بھی تیار کر لی ہیں۔

ڈائریکٹرجنرل ایف آئی اے محمد املیش نے ڈائریکٹر ایف آئی اے انسداد دہشت گردی سرکل کو ہدایت کی ہے کہ ٹیمیں جنوبی پنجاب میں دہشت گردوں کے متوقع ٹھکانوں اور ان کے سہولت کاروں کے بارے معلومات اکٹھی کر کے فراہم کریں۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں قائم افغانیوں کی بستیوں کے بارے تفصیلی رپورٹ تیارکر کے وزارت داخلہ کو بھجوا دی گئی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔