ڈالر کی اسمگلنگ کیخلاف کریک ڈاؤن سے روپے کی قدر میں اضافہ

بزنس رپورٹر  بدھ 22 فروری 2017
پورٹس پرمنشیات وکرنسی کی کھوج لگانے کیلیے سراغ رساں کتے استعمال کیے جائیں گے۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

پورٹس پرمنشیات وکرنسی کی کھوج لگانے کیلیے سراغ رساں کتے استعمال کیے جائیں گے۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

کراچی: کسٹمز ڈالر کی اسمگلنگ روکنے کیلیے ایئرپورٹس پر مرکزی بینک کے قوانین پر عمل درآمدکیلیے متحرک ہے اورتمام ایئرپورٹس پر حالیہ کریک ڈاؤن کی وجہ سے ڈالر کی نسبت پاکستانی روپے کی قدرمیں 1 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔

چیف کلکٹر کسٹمز ساؤتھ انفورسمنٹ زاہد کھوکھر نے منگل کوکلکٹر پریونٹیو سیف الدین جونیجو، ایڈیشنل کلکٹرڈاکٹرندیم کے ہمراہ کسٹمز ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران انہوں نے بتایا کہ کرنسی اسمگل کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلیے تمام ایئرپورٹس پرویب بیسڈ سسٹم قائم ہوچکا ہے جس کے ذریعے مستقل غیرملکی سفرکرنے والوں اور مسافروں کے بیگیج کی جانچ پڑتال کی جاتی ہے۔

زاہد کھوکھر نے بتایا کہ سراغ رساں کتوں کے نائن یونٹ کی اب پاکستان میں افزائش کا عمل شروع ہوچکا ہے جوکرنسی سونگھنے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں اور مذکورہ 9 تا 10 سراغ رساں کتے پاکستان کسٹمز کے پاس آچکے ہیں جنہیں ملک بھرکی بندرگاہوں اور ایئرپورٹس پرمنشیات اور کرنسی کی کھوج لگانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

چیف کلکٹر کسٹمز ساأتھ انفورسمنٹ نے بتایا کہ پاکستان کسٹمزکے اے ایس اوموچکوچیک پوسٹ نے کوئٹہ سے کراچی آنے والی مسافربس سے 11 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی11 کلوگرام ہیروئین برآمد کر کے نعیم نامی مسافرکوگرفتارکرلیا ہے جس نے اپنے سامان میں ہیروئین چھپا رکھی تھی جب کہ کراچی کے ہوائی اڈے سے بیرون ملک اسمگل کی جانے والی ہیروئین کی 2 کھیپ اسمگل کرنے کے الزام میں کراچی اور اسلام آباد سے پی آئی اے کے4 ملازمین کو بھی گرفتارکیا گیا ہے جواس وقت کراچی سینٹرل جیل میں بند ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔