تنگی کچہری دھماکا ؛ حملہ آوروں کے 3 مشتبہ سہولت کار گرفتار

ویب ڈیسک  بدھ 22 فروری 2017

تحصیل کچہری کے حملہ آوروں کے فنگر پرنٹس حاصل کرلیے گئے ہیں: فوٹو: فائل

تحصیل کچہری کے حملہ آوروں کے فنگر پرنٹس حاصل کرلیے گئے ہیں: فوٹو: فائل

چار سدہ: پولیس نے گزشتہ روز تنگی تحصیل کچہری پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کے 3 مشتبہ سہولت کاروں کو حراست میں لے لیا ہے۔

ڈی پی او چارسدہ سہیل خالد کے مطابق پولیس نے گزشتہ روزتنگی تحصیل کچہری پرحملہ کرنے والے دہشت گردوں کے 3 مشتبہ سہولت کاروں کو حراست میں لے لیا ہے، یہ گرفتاریاں تنگی سے ملحقہ علاقوں میں کی گئیں، مشتبہ سہولت کاروں کے عملی کردارکی تفتیش کی جا رہی ہے۔

قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ سے تمام شواہد اکٹھے کرلیے ہیں اور واقعے کی جگہ کو مکمل طور پر صاف کردیا گیا ہے۔ تحصیل کچہری کے حملہ آوروں کے فنگرپرنٹس حاصل کرلیے گئے ہیں اورحملہ آوروں کے اعضاء ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے بھی بھجوا دیئے گئے۔

اس خبرکو بھی پڑھیں: چارسدہ کی عدالت پر دہشتگردوں کے حملے میں 7 افراد شہید

دوسری جانب چارسدہ کی تنگی تحصیل کچہری پردھماکے کے خلاف وکلا نے 7 روزہ سوگ کا اعلان کررکھا ہے، جس کے باعث عدالتی امورٹھپ ہیں۔ اس کے علاوہ علاقے کے تمام بازار، سرکاری و نجی دفاتر اور تعلیمی ادارے بند ہیں۔ تنگی کچہری کے مرکزی دروازے پرواک تھرو گیٹ نصب کردیا گیا ہے، کچہری کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے، اس کے علاوہ عدالت کے تباہ شدہ گیٹ کی جگہ نیا گیٹ نصب کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزتنگی کی تحصیل کچہری پردہشت گردوں کے حملے میں 7 افراد جاں بحق جب کہ 16 زخمی ہوگئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔