وزیراعظم نوازشریف 3 روزہ دورے پر ترکی پہنچ گئے

ویب ڈیسک  بدھ 22 فروری 2017
وزیراعظم پاک ترک اعلیٰ سطح کی تعاون کونسل کے پانچویں اجلاس کی صدارت کریں گے، فوٹو؛ آئی این پی

وزیراعظم پاک ترک اعلیٰ سطح کی تعاون کونسل کے پانچویں اجلاس کی صدارت کریں گے، فوٹو؛ آئی این پی

 اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف 3 روزہ دورے پر ترکی پہنچ گئے جہاں وہ پاک ترک اعلیٰ سطح کی تعاون کونسل کے پانچویں اجلاس کی صدارت کریں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نوازشریف 3 روزہ دورے پرترکی پہنچ گئے ہیں جہاں وہ پاک ترک اعلیٰ سطح کی تعاون کونسل کے پانچویں اجلاس کی صدارت کریں گے جس کا قیام 2009 میں عمل لایا گیا تھا۔ کونسل کے تحت 6 مشترکہ ورکنگ گروپس کام کررہے ہیں اوریہ کونسل دوطرفہ قیادت کواسٹریٹجک فوکس اور رہنمائی فراہم کرتی ہے جب کہ کونسل کے فریم ورک کے تحت 50 سے زیادہ معاہدے اوریادداشتوں کوحتمی شکل دی گئی ہے۔ وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام پرمشتمل وفد بھی وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ ہے۔

وزیراعظم نوازشریف کل اتاترک میوزیم کا دورہ کریں گے جہاں وہ ایک تقریب میں شرکت کریں گے جس کے بعد وزیراعظم کنکایا پیلس روانہ ہوں گے جہاں اعلیٰ ترک حکام ان کا استقبال کریں گے۔ شیڈول کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کل دن 12 بج کر15 منٹ پر ترک وزیراعظم سے ملاقات کریں گے، وزیراعظم اور ترک ہم منصب بن علی یلدرم اجلا س کی مشترکہ صدارت کریں گے جب کہ تزویراتی تعاون کونسل کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ وزیراعظم نوازشریف کل شام ترک پارلیمنٹ کا دورہ بھی کریں گے۔

وزیراعظم نوازشریف کل رات ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کریں گے اور دونوں ممالک کے درمیان 300 میگا واٹ کے سولر پاورپراجیکٹ کے معاہدے پر دستخط کئے جائیں گے۔ وزیراعظم نوازشریف تین روزہ دورے کے بعد 24 فروری کو وطن واپس پہنچیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔