سپریم کورٹ کا فیصلہ من و عن تسلیم کریں گے، تحریک انصاف

ویب ڈیسک  جمعرات 23 فروری 2017
پاناما کیس ملک میں احتساب کی روایت کا آغاز اور فیصلے سے احتساب کی فضا پیدا ہو گی، فواد چوہدری۔ فوٹو: فائل

پاناما کیس ملک میں احتساب کی روایت کا آغاز اور فیصلے سے احتساب کی فضا پیدا ہو گی، فواد چوہدری۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاناما کیس سے پاکستان میں احتساب کی روایت کا آغاز ہوا ہے اور کیس کا جو بھی فیصلہ آئے گا اسے من و عن قبول کریں گے۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہمارے وکیل نعیم بخاری نے منروا کمپنی کا ریکارڈ پیش کیا جس میں مریم نواز سے متعلق ثبوت شامل ہیں، منروا کمپنی کے دستاویزات میں مریم نواز کے دستخط موجود ہیں اور مریم نواز نے شئیرز دینے کی خواہش کا اظہار کیا ہے، یہ ثبوت عدالت کی معاونت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاناما کیس پاکستان میں احتساب کی روایت کا آغاز ہے اور اس کیس کے فیصلے سے ملک میں احتساب کی فضا پیدا ہوگی، کیس کا جو بھی فیصلہ آئے تحریک انصاف اسے من و عن قبول کریں کی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سپریم کورٹ میں پاناما کیس کی سماعت مکمل، فیصلہ محفوظ

تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق کا کہنا تھا کہ حکمران اندھے، بہرے اور گونگے ہوچکے ہیں، انہیں کوئی غریب اور ان کے مسائل نظر نہیں آتے، نوازشریف ایک بار پھر بیرون ملک گھومنے پھرنے چلے گئے ہیں اور پوری قوم کو علم ہوچکا ہے کہ وزیراعظم سچ پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: پاناما کیس آمریت کو روکنے کا معاملہ ہے

نعیم الحق نے کہا کہ ہماری جماعت کرپشن کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی اور ہمیں سپریم کورٹ کے فاضل بینچ پر مکمل اعتماد ہے، بہت جلد عوام کے جذبات کی عکاسی پر مبنی فیصلہ آئے گا اور عدالت عظمیٰ کا فیصلہ کرپشن کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاناما کیس میں میڈیا نے قابل فخر کردار ادا کیا اور میڈیا کے بغیر اس کیس کی حقیقت عوام کے سامنے نہ آتی، عمران خان سمیت پوری تحریک انصاف میڈیا کے مخلصانہ کردار کے متعرف ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔