راولپنڈی میں رینجرزآپریشن کے دوران غیرقانونی گیٹ وے ایکسچینج پکڑا گیا

ویب ڈیسک  جمعـء 24 فروری 2017
گلاب زرخان کے خوف سے پولیس کبھی ڈیرے میں داخل نہیں ہوسکی، ذرائع فوٹو: اے پی پی

گلاب زرخان کے خوف سے پولیس کبھی ڈیرے میں داخل نہیں ہوسکی، ذرائع فوٹو: اے پی پی

رراولپنڈی: پیرودہائی میں رینجرزکومبنگ آپریشن کے دوران بدنام زمانہ ملزم گلاب زرخان کے ڈیرے سے غیر قانونی گیٹ وے ایکسچینج پکڑا گیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق راولپنڈی کے علاقے پیرودہائی میں رینجرزکے کومبنگ آپریشن نے پولیس کارکردگی کا پول کھول دیا، علاقے میں پولیس کی جانب سے کئے گئے سیکڑوں سرچ آپریشنزکاغذی کارروائی نکلے۔ رینجرزنے جمعرات اورجمعے کی درمیانی شب کومبنگ آپریشن کے بدنام زمانہ ملزم گلاب زرخان کے ڈیرے پر بھی چھاپہ مارا اورکارروائی کے دوران ڈیرے سے غیر قانونی گیٹ وے ایکسچینج پکڑ لیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ غیرقانونی گیٹ وے ایکسچینج پی ایس ایل اور بین الاقوامی کرکٹ میچزپرجوا اورحوالہ و ہنڈی کے لیے استعمال کیا جاتا تھا، اس کے علاوہ یہاں سے ہی بے نظیر انکم سپورٹ کے جعلی میسجز کے ذریعے سادہ لوح لوگوں سے رقم ہتھیائی جاتی تھی۔ اس کے علاوہ آپریشن کے دوران 9 پستول اورایک ایس ایم جی بھی برآمد کر لی گئی جسے تھانہ پیر ودہائی منتقل کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پولیس نے اس سے قبل علاقے میں سیکڑوں آپریشن کئے لیکن درحقیقت گلاب زرخان کے خوف سے پولیس کبھی ڈیرے میں داخل نہیں ہوسکی اورنا ہی علاقے میں متعدد آپریشنز کے دوران ایکسچینج پکڑسکی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔