لاہورڈیفنس دھماکا دہشت گردی نہیں حادثہ تھا، رانا ثنااللہ

ویب ڈیسک  جمعـء 24 فروری 2017
فرانزک لیبارٹری کی رپورٹ میں ثابت ہوگیا ہے کہ دھماکا بارودی مواد کا نہیں بلکہ گیس کی لیکج اور سلنڈرز کے باعث ہوا، وزیر قانون پنجاب۔ فوٹو:فائل

فرانزک لیبارٹری کی رپورٹ میں ثابت ہوگیا ہے کہ دھماکا بارودی مواد کا نہیں بلکہ گیس کی لیکج اور سلنڈرز کے باعث ہوا، وزیر قانون پنجاب۔ فوٹو:فائل

لاہور:  وزیرقانون پنجاب رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ڈیفنس میں ہونے ولا دھماکا دہشتگردی نہیں بلکہ ایک  حادثہ تھا۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرقانون پنجاب رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز ڈیفنس میں ہونے والے دھماکے کے حوالے سے متضا د خبریں گردش کرتی رہیں اور میڈیا پر یہ بھی کہا گیا کہ لاہور دھماکوں سے گونج اٹھا اور عوام میں شدید خوف و ہراس پھیلایا گیا جب کہ دھماکے کے حوالے سے اطلاع یہ تھی کہ دھماکا  سلینڈر یا جنریٹر پھٹنے کا تھا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں:  لاہور ڈیفنس میں دھماکے سے 9 افراد جاں بحق

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ دھماکے کی خبر ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے دھماکے کی جگہ پہنچے اور دھماکے سے متعلق ماہرین کی رائے میں اختلاف اور ابتدائی رپورٹ میں بھی  تضاد تھا کچھ لوگوں کاخیال تھا کہ یہ دھماکا بارودی مواد سے ہوا اور کچھ نے سلنڈر کا کہا لیکن حقیقت یہ ہے کہ دھماکے کی نوعیت سے متعلق فرانزک رپورٹ آنے تک حتمی رائے نہیں دی جاسکتی، فرانزک لیب سے تصدیق کے بعد ہی دھماکے کی نوعیت کا پتہ چل سکتا تھا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: لاہورڈیفنس دھماکا حادثہ قرار 

وزیرقانون نے کہا کہ  فرانزک ٹیم نے جائے وقوعہ سے اہم سیمپل لینے ہوتے ہیں جس کے باعث تاخیر ہوئی،  فرانزک لیبارٹری نے جائے وقوعہ سے 6 سیمپل لئے جس کی رپورٹ بھی آچکی ہے اور رپورٹ میں یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ ڈیفنس دھماکا دہشت گردی نہیں بلکہ  گیس کی لیکج اورسلنڈرز کے باعث ہوا اور یہ ایک حادثہ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ دھماکے میں 7 افراد جاں بحق اور 35 زخمی ہوئے تمام ایجنسیز ڈی ایچ اے دھماکے کی تحقیقات کررہی ہیں جب کہ حادثے کی رپورٹ بھی درج کرلی گئی ہے، جس کی روشنی میں ناقص گیس سلنڈر فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف ہماری قومی جنگ ہے اس کے خلاف ہمیں مل کر لڑنا ہوگا اس جنگ میں  میڈیا، سیاستدانوں، سکیورٹی اداروں کے اہلکاروں اورعوام نے  بے شمارقربانیاں دیں اور اب بھی قانون نافذ کرنے والےادارے اورعوام دہشت گردی کے خلاف اپنا کردار ادا کر رہے ہیں دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچا کر ہی دم لیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔