ایک ہی انسٹاگرام پوسٹ میں اب 10 تصاویر اور ویڈیوز ایک ساتھ

ویب ڈیسک  جمعـء 24 فروری 2017
یہ اپ ڈیٹ ایپل آئی فونز اور اینڈروئیڈ اسمارٹ فونز پر انسٹال کیے گئے انسٹاگرام ورژن 10.9 کےلیے ہے۔ (فوٹو: فائل)

یہ اپ ڈیٹ ایپل آئی فونز اور اینڈروئیڈ اسمارٹ فونز پر انسٹال کیے گئے انسٹاگرام ورژن 10.9 کےلیے ہے۔ (فوٹو: فائل)

سلیکان ویلی: انسٹاگرام کا نیا فیچر جاری کردیا گیا ہے جس کے ذریعے عام صارفین ایک ہی پوسٹ میں 10 تصویریں اور ویڈیوز ایک ساتھ شیئر کراسکتے ہیں۔

انسٹاگرام پوسٹ میں زیادہ تصویروں اور ویڈیوز کا فیچر پہلے سے موجود ہے لیکن اب تک یہ سہولت صرف اشتہاری کمپنیوں کےلیے دستیاب تھی لیکن انسٹاگرام اپ ڈیٹ کے تحت اب اس سہولت سے عام صارفین بھی فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔

یہ اپ ڈیٹ ایپل آئی فونز اور اینڈروئیڈ اسمارٹ فونز پر انسٹال کیے گئے انسٹاگرام ورژن 10.9 کےلیے ہے جس کی مدد سے دس تصویروں اور ویڈیوز پر مشتمل ایک البم بنائی جاسکتی ہے اور اسے ایک پوسٹ کی صورت میں اپنے دوستوں کے ساتھ شیئر کیا جاسکتا ہے۔

تصویروں اور ویڈیوز کو سلیکٹ کرنے کے بعد صارفین اپنی پسند سے ترتیب بھی دے سکتے ہیں جس کےلیے انہیں اسمارٹ فون اسکرین پر موجود تصویر/ ویڈیو تھمب نیل کو چند سیکنڈ تک دبا کر رکھتے ہوئے تصویریا ویڈیو کو مطلوبہ مقام تک پہنچانا ہوگا۔

اس کے علاوہ تصویروں کو شیئر کرانے سے پہلے انفرادی یا اجتماعی طور پر ایڈٹ بھی کیا جاسکے گا اور ان پر فلٹرز بھی چلائے جاسکیں گے جبکہ شیئر ہوجانے کے بعد دیگر صارفین کو پوسٹ فیڈ میں تھمب نیل کے نچلے حصے میں نیلے نقطے دکھائی دیں گے جو ظاہر کریں گے کہ یہ پوسٹ ایک سے زیادہ تصویروں یا ویڈیوز پر مشتمل ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔