پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 17 رنز سے شکست دے دی

ویب ڈیسک  جمعـء 24 فروری 2017
پشاور زلمی کی جانب سے محمد حفیظ، شکیب الحسن نے 2،2 - فوٹو: پی ایس ایل

پشاور زلمی کی جانب سے محمد حفیظ، شکیب الحسن نے 2،2 - فوٹو: پی ایس ایل

دبئی: پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 17 رنز سے شکست دے دی۔ 

دبئی میں کھیلے گئے پاکستان سپرلیگ کے تیسرے مرحلے میں پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 166 رنز بنائے جس کے جواب میں لاہور کی جانب سے کیمرون ڈیلپورٹ اور برینڈین میکلم نے اننگز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا اور 38 رنز کی شراکت داری قائم کی جس میں ڈیلپورٹ نے 15 گیندوں پر 32 رنز کی جارحانہ بلے بازی کی لیکن اس کے بعد لاہور قلندرز کے بلے بازوں میں ڈریسنگ روم پہلے پہنچنے کا مقابلہ شروع ہوا اور صرف 5 رنز کے اضافے سے 6 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے۔ میکلم 6، فخر زمان 0، عمراکمل ایک، محمد رضوان 4، اور پچھلے میچ کے ہیرو گرانٹ ایلیٹ بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوگئے۔

سنیل نارائن اور عامر یامین  ٹیم کے مجموعی اسکور کو 88 پر پہنچا کر ہمت ہارگئے دونوں بالترتیب 21 اور 25 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے لیکن بعد میں آنے والے سہیل تنویر اور یاسر شاہ نے بھی بھرپور مقابلہ کرتے ہوئے آخر تک لڑتے رہے تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرواسکے، یاسر شاہ 22 رنز پر آؤٹ ہوئے تاہم سہیل تنویر 36 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

پشاور زلمی کی جانب سے محمد حفیظ، شکیب الحسن نے 2،2 جب کہ حسن علی، شاہد آفریدی، وہاب ریاض اور ڈیرن سیمی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پشاور کی جانب سے تمیم اقبال اور کامران اکمل نے اننگز کا آغاز کیا لیکن تمیم اقبال صرف 5 رنز پر عامر یامین کا شکار بن گئے جب کہ محمد حفیظ بھی 13 رنز ہی بناسکے اور مارلن سیمولز 17 رنز بنا کر واپس پویلین لوٹے لیکن کامران اکمل نے 40 گیندوں پر 58 رنز کی بلے بازی کی۔ شکیب الحسن نے 30 رنز جوڑے لیکن شاہد آفریدی 10 رنز پر واپس پویلین لوٹ گئے جب کہ کپتان ڈیرن سیمی 8 گیندوں پر 17 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے یاسر شاہ نے 2، عامر یامین، سہیل تنویر اور سنیل نارائن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو شکست دے دی

واضح رہے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 9 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست اور گزشتہ روز کراچی کنگز کو شکست دینے کے بعد سب سے پہلے پلے آف مرحلے تک رسائی حاصل کر چکی ہے جب کہ لاہور قلندرز دوسرے اور اسلام آباد یونائیٹڈ تیسرے نمبر پر ہیں ۔ پشاور زلمی 5 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے جب کہ کراچی کنگز 4 پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر موجود ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔