زرداری سے ملاقات، عرفان مروت ن لیگ چھوڑ کر پی پی میں شامل

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 25 فروری 2017
نوازشریف سے سیاسی رفاقت کافی عرصے پہلے ختم ہوچکی تھی لیکن خاموش تھا، عرفان مروت۔ فوٹو فائل

نوازشریف سے سیاسی رفاقت کافی عرصے پہلے ختم ہوچکی تھی لیکن خاموش تھا، عرفان مروت۔ فوٹو فائل

کراچی: مسلم لیگ (ن) کے رہنما اورسندھ کے سابق مشیرداخلہ عرفان اللہ خان مروت نے جمعے کو سابق صدر اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدرآصف علی زرداری سے بلاول ہاؤس میں ملاقات کی اورپیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

عرفان اللہ خان مروت نے بلاول ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ وزیر اعظم نوازشریف کوسندھ میں کوئی دلچسپی نہیں، اس لیے انھوں نے یہی مناسب سمجھا کہ پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیارکرلی جائے۔انھوں نے کہاکہ نوازشریف سے سیاسی رفاقت کافی عرصے پہلے ختم ہوچکی تھی لیکن خاموش تھا، اب پی پی میں شمولیت کے بعد کراچی کے عوام کے مسائل کی جدوجہداس جماعت کے پلیٹ فارم سے کروں گا۔

سابق مشیر داخلہ نے بتایا کہ سابق صدر آصف علی زرداری سے تقریباً ایک گھنٹے تک ملاقات ہوئی اور سیاسی معاملات پرکھل کر بات چیت ہوئی۔ دریں اثنا صوبائی وزرا امداد علی پتافی، فیاض علی بٹ، منظور حسین وسان نے نادر اکمل لغاری، نبیل گبول اورعرفان اللہ مروت کوپیپلز پارٹی میں شمولیت پر مبارک باد دیتے ہوئے کہاہے کہ پیپلزپارٹی کی کامیاب پالیسیوں کی وجہ سے مسلم لیگ ن، تحریک انصاف اور فنکشنل لیگ کے رہنما پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔

علاوہ ازیں اسابق وفاقی وزیر انور سیف اللہ خان نے جمعے کوبلاول ہاؤس میں آصف زرداری سے ملاقات کی جس میں انورسیف اللہ نے آصف علی زرداری سے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔