پنجاب میں آپریشن کا دائرہ وسیع، کارروائیاں تیز کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  اتوار 26 فروری 2017
 آپریشن ردالفساد کے تحت پنجاب میں رینجرز، سی ٹی ڈی اور پولیس کے مشترکہ آپریشنز کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے کا فیصلہ : فوٹو : فائل

آپریشن ردالفساد کے تحت پنجاب میں رینجرز، سی ٹی ڈی اور پولیس کے مشترکہ آپریشنز کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے کا فیصلہ : فوٹو : فائل

لاہور: پنجاب حکومت نے آپریشن کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے کارروائیاں مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پی ایس ایل فائنل لاہور میں کرانے کے حوالے سے حتمی فیصلہ وزیراعظم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی زیرصدارت صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ، کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل اظہر نوید حیات اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے میں انسداد دہشت گردی کیلیے قانون نافذ کرنے والے سول و عسکری اداروں کے جاری آپریشنز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور آپریشن ردالفساد کے تحت دہشت گردوں، سہولت کاروں اور ان کے مالی معاونت کاروں کیخلاف جاری کامیاب آپریشنز پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: پاک فوج کا ملک بھر میں آپریشن ’’رد الفساد‘‘ شروع کرنے کا اعلان

اجلاس میں رینجرز، سی ٹی ڈی اور پولیس کے مشترکہ آپریشنز کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے اور دہشت گردوںکے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کافیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کے دوران صوبہ بھر میں مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی۔ صوبائی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کمین گاہوں سے نکال کر عبرت کا نشان بنایا جائیگا اور دہشتگردی، انتہاپسندی، عسکریت پسندی اور فرقہ واریت کے مائنڈسیٹ کا پوری قوت سے صفایا کیا جائیگا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: پاک فوج نے پنجاب میں مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع کیلئے ہیلپ لائن جاری کردی

اجلاس میں دیگر صوبوں کے ساتھ قریبی تعاون کو یقینی بنانے کیلیے مل کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ بی بی سی کے مطابق اجلاس میں لاہور میں پی ایس ایل فائنل کے انعقاد کا حتمی فیصلہ وزیراعظم نواز شریف پر چھوڑ دیا گیا۔ اجلاس میں سیکیورٹی کے حوالے سے متعلقہ اداروں نے بھی اپنی رپورٹس پیش کیں اور اس بات کا یقین دلایا کہ پنجاب میں انتظامیہ پی ایس ایل فائنل لاہور میں کروانے کیلیے مکمل طور پر تیار ہے، مزید یہ کہ قذافی اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کیلیے آنے والے افراد کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جائگا ۔ تاہم لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل کے انعقاد کے حوالے سے حتمی فیصلہ وزیراعظم ہی کریں گے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: آپریشن ردالفساد سے دہشت گردی اور انتہاپسندی کے ناسور کا مکمل خاتمہ ہوگا

وزیراعلی پنجاب  شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گردوں اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کے مذموم عزائم کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا، دشمن جو ناپاک سازش کر رہا ہے، اسے اجتماعی کاوشوں سے ناکام بنائیں گے۔ انھوں نے کہا دہشت گردی کاخل ف جنگ میں سیاسی و عسکری قیادت سمیت پوری قوم ایک صفحے پر ہے، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی اور پاک دھرتی کو دہشت گردوں کے ناپاک وجودسے پاک کرنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ اجلاس کے بعد شہباز شریف نے ٹویٹ کی کہ اجلاس میں سیکیورٹی صورتحال اور آپریشن ’رد الفساد‘ کا جائزہ لیا گیا، ہم زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے ہیں، مزید قربانیاں دینا پڑ سکتی ہیں لیکن ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے، ہمارا آج آنے والی نسلوں کی قسمت کا فیصلہ کر ے گا، تحفظ عامہ اورنئی نسل کا مستقبل اولین ترجیح ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: فوجی عدالتوں کو دوبارہ قائم ہونا چاہیئے

دوسری جانب صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہاکہ پی ایس ایل فائنل کے انعقاد پرفیصلہ آئندہ ایک دو روز میں متوقع ہے، وزیراعظم سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائیگا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سے کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے ملاقات کی جس میں پیشہ ورانہ امور، سیکیورٹی معاملات اور آپریشن ردالفساد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں شہید ہونے والے پوری قوم کے ہیرو ہیں اور پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں جرأت کی نئی تاریخ رقم کی، پاک افواج اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں، آپریشن ردالفساد سے وطن عزیز سے دہشتگردی اور انتہاپسندی کے ناسور کا مکمل خاتمہ ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔