پانچواں ون ڈے؛ بارش کے بعد افغان بولرز زمبابوے پر برس پڑے 

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 26 فروری 2017
مہمان ٹیم 106رنز سے فتحیاب ہوکر سیریز بھی 2-3سے اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوگئی ۔ فوٹو فائل

مہمان ٹیم 106رنز سے فتحیاب ہوکر سیریز بھی 2-3سے اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوگئی ۔ فوٹو فائل

ہرارے: پانچویں ون ڈے میں بارش کے بعد افغان بولرززمبابوے پر برس پڑے، ڈک ورتھ لوئس پر 106 رنز کی فتح سے افغانستان نے سیریز بھی 2-3 سے اپنے نام کرلی، 22 اوورز میں 161 رنز کا ہدف پانے والی میزبان ٹیم 54 رنز پر ہی آل آؤٹ ہوگئی، دو کھلاڑیوں کو ڈبل فیگر میں پہنچنا نصیب ہوا، امیر حمزہ اور محمد نبی نے 3، 3 جب کہ راشد خان نے دو وکٹیں لیں۔ اس سے پہلے مہمان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹ پر 253 رنز بنائے۔

ہرارے میں کھیلے گئے پانچویں ون ڈے میں اننگز بریک ہونے کے بعد بارش شروع ہوگئی جس کی وجہ سے میچ کافی دیر رکا رہا جب کنڈیشنز کھیلنے کے قابل ہوئیں تو زمبابوے کو کامیابی کیلیے 22 اوورز میں161 رنز کا ہدف ملا، نم آلود کنڈیشنز میں میزبان بیٹسمینوں نے تیزی سے کھیلنے کی غلطی کی جس کا خمیازہ بھگتنا پڑا اور جلد ہی وکٹوں کی بھی جھڑی لگ گئی، پہلے چار کھلاڑی تو مجموعی اسکور 13 تک پہنچنے سے قبل ہی میدان سے رخصت ہوچکے تھے بعد میں بھی صورتحال زمبابوین کھلاڑیوں کے کنٹرول سے باہر ہی دکھائی دی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :موسم کی مہربانی نے ویسٹ انڈیز کیخلاف جیت زمبابوے کی جھولی میں ڈال دی

اس طرح پوری ٹیم 13.5 اوورز میں 54 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ کپتان گریم کریمر 14 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، دہرے ہندسے میں جانے والے دوسرے کھلاڑی ریان برل نے 11 رنز بنائے۔ باقی کوئی بھی کھلاڑی 7 رنز سے آگے نہیں بڑھ پایا۔ امیر حمزہ اور محمد نبی نے 3، 3 جب کہ راشد خان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ قبل ازیں افغانستان نے 9 وکٹ پر 50 اوورز میں 253 رنز بنائے، رحمت شاہ 50، محمد نبی 48 اور نور علی زدران 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ کرس ایم پوفو نے3 اور رچرڈ نگاراوا نے دو وکٹیں لیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔