آپریشن ردالفساد، افغانوں، ازبکوں سمیت مزید سیکڑوں گرفتار، اسلحہ برآمد

شمالی وزیرستان سے اسلحہ، بارود، خان پورسے اسلحے کی کھیپ پکڑی گئی۔ فوٹو: فائل

شمالی وزیرستان سے اسلحہ، بارود، خان پورسے اسلحے کی کھیپ پکڑی گئی۔ فوٹو: فائل

کراچی / لاہور / پشاور / کوئٹہ: آپریشن ‘ردالفساد’ کے تحت پنجاب سمیت ملک بھر میں تلاشی کی کارروائیاں جاری ہیں جن میں غیرملکیوں سمیت مزید سیکڑوں افراد کو حراست میں لے کر بھاری مقدارمیں اسلحہ و بارود بھی قبضے میں لے لیا گیا جبکہ کئی علاقوں میں نصب بم ناکارہ بنا دیے گئے۔

لاہور سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق پولیس اور دیگر قانون نافذ کر نے والوں اداروں نے شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے 24 مشکوک افراد کو شناختی کوائف مکمل نہ ہونے پر حراست میں لیتے ہوئے تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا جبکہ دوسر ی جانب پارکوں، تفریح گاہوں سمیت حساس مقاما ت پر خفیہ نگرانی بھی کی گئی، ڈی آئی جی آپریشن لاہور ڈاکٹر حیدر اشرف کی ہدایت پر گزشتہ روز پولیس نے ایس پی سول لائن ڈویژن علی رضا، ایس پی اقبال ٹاون ڈویژن عادل میمن، ایس پی کینٹ ڈویژن رانا طاہر رحمان، ایس پی ماڈل ٹاون ڈویژن اسماعیل کھاڑک کی نگرانی میں جنوبی چھاونی، غازی آباد، ڈیفنس، فیکٹری ایریا،پرانی انارکلی، لٹن روڈ، گڑھی شاہو، مغل پورہ، سول لائن بند روڈ، پٹھان کالونی، ضلعی کچری، ساندہ، کچا راوی روڈ، شفیق آباد، سبزی منڈی راوی روڈ، بادامی باغ، لاری اڈا، ریلوئے اسٹیشن، مغلپورہ، ہربنس پورہ، گلبرگ، صدیق کالونی، چونگی امر سدھو، بہار کالونی، ٹاؤن شپ، ٹھوکر نیاز بیگ سمیت دیگر کئی علاقوں میں سر چ آپر یشن کیا، گریٹر اقبال پارک اور لاری اڈا پر بھی پولیس نے ناکہ بند ی کر تے ہوئے شہر سے آنے جانیوالی مشکوک بسوں اور دیگر ٹرانسپورٹ کی تلاشی لی۔

ادھر گوجرانوالہ سے کرائم رپورٹرکے مطابق پولیس اور حساس اداروں کے کومبنگ آپریشن میں 9 افغانیوں سمیت 15 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔گزشتہ روز سیٹلائٹ ٹاؤن‘ حیدری روڈاور بٹالہ پلازہ میں کارروائی کی گئی، اوکاڑہ سے ڈسٹرکٹ رپورٹرکے مطابق تھانہ اے دویژن پولیس اور حساس اداروں کے اہلکاروں نے کومبنگ آپریشن کرتے ہوئے غیر قانونی مقیم 8 افغان باشندے گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا، سرگودھا سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق ضلع بھرمیں پولیس اور حساس اداروں نے کارروائی کے دوران 13 افراد کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ اورمنشیات برآمد کرلیں۔

دوسری جانب رحیم یارخان سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 6 مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمدکرلیا جبکہ خان پور سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق پولیس نے فیروزہ کے قریب کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اسلحے کی بھاری کھیپ برآمد کر لی اور 7افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے۔

اے ایس پی فاروق احمد بجارانی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ چک 70 اے کے قریب دلشاد نامی شخص ناجائز اسلحہ فروخت کرتا تھا اور اس نے بین الصوبائی گینگ بنا رکھا تھا، ملزمان دلشاد، خالد محمود، عبدالباسط، محمد یاسر، محمد امجد، محمد عرفان اور گل احمد سے ڈبل بیرل بندوقیں 3عدد، رپیٹر 5عدد، رائفل تھری ناٹ تھری 1عدد پسٹل اور ریوالور 6عدد، ٹیلی اسکوپ 1عدد، میگزین 18عدد، کارتوس 50راؤنڈ اور 500 گولیاں و دیگر اسلحہ برآمد ہوا، ضلع بہاولنگر سے 2 افغان باشندوں سمیت 22، لیہ کے علاقے چوک اعظم اور گرد و نواح سے 20، ضلع وہاڑی سے 45 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔

دریں اثنا پاک فوج نے پنجاب میں مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع دینے کے لیے ٹیلیفون نمبرز اور ای میل ایڈریس پر مشتمل ہیلپ لائن جاری کر دی ہے، آئی ایس پی آر کے مطابق پنجاب رینجرز مشکوک افراد کے خلاف آپریشن میں مصروف ہے لہذا دہشت گردی کے حوالے سے کسی مشکوک سرگرمی کی اطلاع برا ہ راست رینجرز کو دی جائے، آئی ایس پی آر کے مطابق پنجاب رینجرز کو04299220030 یا 99221230 پر کال کر کے اطلاع دی جائے، رینجرز کو 03408880047 پرایس ایم ایس بھی بھیجا جا سکتا ہے جب کہ واٹس ایپ نمبر 03408880100 پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع پنجاب رینجرز کو [email protected] پر ای میل کی جا سکتی ہے جب کہ پنجاب رینجرز سے ہیڈ کوارٹرز پاکستان رینجرز پنجاب 33 غازی روڈ لاہور کے پتے پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

علاوہ ازیں خیبر پختونخوا کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق رینجرز نے اتوار کی صبح بنوں اور چارسدہ کے تنگی سرکل سے 81، پشاورسے 27، ڈیرہ اسماعیل خان سے 4، لکی مروت کے گاؤں سرائے نورنگ اشتہاریوں سمیت 120مشبہ افراد کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا جبکہ پشاور سے اسٹاف پورٹر کے مطابق پاک فوج نے شمالی وزیرستان کے علاقہ دتہ خیل کے گاؤں شیرانی میں آپریشن ’’ردالفساد‘‘ کے دوران بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا، آئی ایس پی آر کے مطابق گاؤں شیرانی میں کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں موجود وہ اسلحہ اور بارود برآمد کرلیاگیاجو دہشت گرد یہاں چھوڑ گئے تھے، مردان میں تخریب کاری کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

گزشتہ روز پولیس کے مطابق دبئی اڈا میں بوائز ہائی سکول کے قریب دو ریموٹ کنٹرول بم برآمد ہوئے جو گھی کے ڈبوں میں رکھے گئے تھے جنہیں بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنا دیا ۔کوئٹہ سے نمائندہ ایکسپریساور نمائندگان ایکسپریس کے مطابق کوئٹہ اور لورالائی میں پولیس اورسیکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفساد کرتے ہوئے20افغان باشندوں کو گرفتارکرلیا جن کے پاس کوئی سفری دستاویز نہیں تھی جبکہ کوئٹہ کے علاقے ارباب کرم خان روڈ پر6کلو وزنی بم ناکارہ بناکر تخریب کاری کے منصوبے کو ناکام بنادیا، بم ایف سی کی خالی پوسٹ کے قری نصب کیا گیا تھا، شہری کی اطلاع پر پولیس نے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرکے ناکارہ بنادیا۔

دریں اثنا کراچی میں بھی پولیس نے مختلف علاقوں میں ‘کومبنگ آپریشن کے دوران کم از کم 164 افراد کو حراست میں لیا جن میں افغان اور ازبک شہری بھی شامل ہیں، ان افراد کی بائیو میٹرک سسٹم کے تحت تصدیق کی گئی،ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن سے 6 افغان، گلبرگ قبائل کالونی سے3 افغانیوں سمیت 14،جوہرآباد سے 27، نیو کراچی سے 6 غیرملکی باشندے،عزیزآباد بھنگوریہ گوٹھ سے دو غیرملکیوں سمیت 16، بلدیہ مدینہ کالونی سے93 جبکہ تیموریہ سے 2 ازبک باشندوں کو گرفتار کیا گیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔