ڈونلڈ ٹرمپ نے دفاعی بجٹ میں غیر معمولی اضافے کا عندیہ دیدیا

ویب ڈیسک  پير 27 فروری 2017
دفاعی بجٹ میں اضافے کیلیے دیگر شعبوں سے بھی کٹوتی کرنا پڑی تو کریں گے، امریکی صدر، فوٹو؛ فائل

دفاعی بجٹ میں اضافے کیلیے دیگر شعبوں سے بھی کٹوتی کرنا پڑی تو کریں گے، امریکی صدر، فوٹو؛ فائل

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دفاعی بجٹ میں غیر معمولی اور تاریخی اضافے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ دفاعی بجٹ میں تاریخی اضافے کے لیے اگر انہیں دیگر شعبوں سے رقم کی کٹوتی کرنا پڑی تو اس سے بھی گریز نہیں کریں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ اپنے پہلے بجٹ مسودے میں پینٹاگون اور دیگر دفاعی اداروں کے اخراجات میں 54 ارب ڈالرتک کا اضافہ کرنا چاہتے ہیں جب کہ یہ رقم دیگر غیردفاعی منصوبوں سے کاٹی جائے گی۔

امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس میں گورنروں کے اعزاز میں دیئے گئے عشایئے سے خطاب میں کہا کہ اگلا امریکی بجٹ عوامی تحفظ اور قومی سلامتی کا بجٹ ہوگا، اس بار دفاعی اخراجات میں تاریخی اضافہ کیا جائے گا جس سے کمزور پڑتی ہوئی امریکی افواج کی تعمیرِ نو کی جائے گی جو اس وقت سب سے زیادہ ضروری ہے۔

اس سے قبل ایک کنزرویٹو حلقے سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے امریکی تاریخ کے سب سے بڑی عسکری اصلاحات کا وعدہ بھی کیا تھا۔ ٹرمپ کے اس مسودے سے واقف دو امریکی حکام نے کہا ہے کہ اضافی رقم کے لیے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ، ماحولیاتی تحفظ کی ایجنسی اور دیگر غیردفاعی شعبوں سے رقم کم کی جائے گی، ٹرمپ نے پینٹاگون کے لیے بحری جہاز سازی، لڑاکا طیاروں اور دیگر اشیا کے لیے مزید رقم کی درخواست کی ہے تاکہ آبنائے ہرمز اور جنوبی چین کے سمندر جیسے اہم اور بین الاقوامی پانیوں میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائی جائے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جلد ہی امریکی صدر کا یہ مسودہ وفاقی اداروں کو بھیجا جائے گا اور اس پر کئی ماہ کانگریس میں تبادلہ خیال جاری رہے گا۔ کانگریس میں ٹرمپ کے حلیف ری پبلکنز کی اکثریت ہے اور وہی ان اخراجات کا حتمی فیصلہ کرے گی۔

واضح رہے کہ اس وقت امریکی دفاعی اخراجات پوری دنیا کے تمام ممالک کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہیں اور امریکی افواج کا سالانہ بجٹ 600 ارب ڈالر تک ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔