گرمیوں کا جلد آغاز، وسط مارچ تک پارہ 30 ڈگری ہونے کا امکان

خبر ایجنسیاں  منگل 28 فروری 2017
اگلے ماہ ہلکی پھلکی بارشیں بھی متوقع ہیں، ڈی جی میٹ غلام رسول۔ فوٹو: فائل

اگلے ماہ ہلکی پھلکی بارشیں بھی متوقع ہیں، ڈی جی میٹ غلام رسول۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ملک میں اس بارگرمی کا موسم جلد آنے کا امکان ہے، مارچ کے وسط تک درجہ حرارت 30 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔

چیف پاکستان میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ ڈاکٹر غلام رسول نے بتایا کہ مارچ کے وسط تک درجہ حرارت 30 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے جبکہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ مارچ کے آخری دنوں میں اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں درجہ حرارت 30 ڈگری سے تجاوز کرجائے گا جس کے باعث گرمی کی شدت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آئے گا، آب و ہوا میں تبدیلی کے باعث آئندہ 10 سے 15 دنوں میں درجہ حرارت میں اضافہ ممکن ہے۔

ڈاکٹر غلام رسول نے کہا کہ ابھی موسم گرما شروع نہیں ہوا بلکہ یہ موسم بہار کی شروعات ہے جو ایک ماہ تک جاری رہے گا جبکہ اگلے ماہ ہلکی پھلکی بارشیں بھی متوقع ہیں، ماہ اپریل کے دوران جنوبی سندھ کے علاقوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت گوجرانوالہ، راولپنڈی، اسلام آباد ، مالاکنڈ، ہزارہ، ژوب ڈویژن، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔