پی ایس ایل ٹو کا لاہورمیں فائنل، فنکاروں میں خوشی کی لہر

کلچرل رپورٹر  منگل 28 فروری 2017
عوام گراؤنڈ میں پہنچ کر ثابت کریں کہ کسی سے ڈرنے والے نہیں، شاہدہ منی، ریشم۔ فوٹو : فائل

عوام گراؤنڈ میں پہنچ کر ثابت کریں کہ کسی سے ڈرنے والے نہیں، شاہدہ منی، ریشم۔ فوٹو : فائل

لاہور: پی ایس ایل ٹو کا فائنل لاہور میں ہونے کے فیصلہ سنتے ہی عوامی حلقوں کے ساتھ ساتھ شوبز میں بھی خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

فنکاروں نے فائنل کے حوالے سے پروگرام ابھی سے ترتیب دینا شروع کردیے ہیں۔ اداکارہ ثنانے کہا ہے کہ کرکٹ کے دیوانوں کے لیے بہت بڑی خوشخبری ہے ایک عرصہ بعد انٹرنیشنل کھلاڑیوں کواپنی ہوم گراونڈ میں کھیلتے ہوئے دیکھیں گے۔

مصنف وہدایتکار سیدنور نے کہا ہے کہ ٹینشن کے اس ماحول میں یہ خبر کسی آکسیجن سے کم نہیں ہے، اب لاہوریوں کا فرض بنتا ہے کہ وہ یہاں پر آنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کو اس انداز سے خوش آمدید کہیں کہ ہماری اس مہمان نوازی اور محبت کو ہمیشہ یاد رکھیں۔

گلوکارہ شاہدہ منی نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کو چاہیے کہ وہ کرکٹ گراونڈ میں پہنچ کر ثابت کریں کہ کسی سے ڈرنے والے نہیں۔حکومت کو چاہیے کہ فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات کرے جب کہ ہمیں بھی اس ایونٹ کامیاب بنانے میں سرکاری اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں جبکہ اداکار سلیم شیخ نے کہا ہے کہ پی ایس ایل ٹو کا فائنل لاہور میں ہونا بلاشبہ ایک بڑی کامیابی ہے دعا ہے کہ یہ ایونٹ خیر خیریت سے ہوجائے۔

اداکارہ ریشم نے کہا ہے کہ فنکار برادری بھی اس ایونٹ کو کامیاب کرنے کے لیے جوش وخروش کے ساتھ اس میں شرکت کریں۔ گلوکار جواد احمد نے کہا کہ کرکٹ کی بحالی کے لیے یہ ایک اچھی کوشش ہے غیر ملکی کھلاڑی بھی مبارکباد کے مستحق ہیں جو فائنل کھیلنے کے لیے لاہور آرہے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔