وزرا اور پارلیمنٹیرین بھی لین بنائیں اورٹکٹ کٹائیں

ویب ڈیسک  منگل 28 فروری 2017
پی ایس ایل فائنل میچ کے پاسز صرف صدر، وزیراعظم، گورنر اور وزیراعلیٰ کو دیے جائیں گے، پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات۔ فوٹو : فائل

پی ایس ایل فائنل میچ کے پاسز صرف صدر، وزیراعظم، گورنر اور وزیراعلیٰ کو دیے جائیں گے، پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات۔ فوٹو : فائل

 لاہور: حکومت کی جانب سے پی ایس ایل کا فائنل میچ دیکھنے کے لیے وزرا اور ارکان اسمبلی کو مفت پاس نہ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تمام پارلیمنٹیرینز اور اراکین صوبائی اسمبلی میچ دیکھنے کے لیے ٹکٹ خریدیں۔

لاہور میں پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کے انعقاد کا جیسے ہی اعلان ہوا اسی کے ساتھ پارلیمنٹیرینز اور وزراء کی جانب سے میچ کے مفت پاس حاصل کرنے کے لیے سفارشیں لگانے کا سلسلہ شروع ہوگیا بالخصوص پنجاب اسمبلی ارکان اور صوبائی وزراکی جانب سے گورنر اور وزیراعظم ہاؤس میں پی ایس ایل کے فائنل کا مفت پاس حاصل کرنے کے لیے سر توڑ کوششیں شروع کردی گئیں لیکن ارکان اسمبلی اور پارلیمنٹیرینز کی تمام محنت اس وقت رائیگاں چلی گئیں جب حکومت کی جانب سے مفت پاس نہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا کہ فائنل میچ کے پاسز صرف صدر، وزیراعظم، گورنر اور وزرائےاعلیٰ کو دیے جائیں گے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : آفریدی کے دل میں لاہور میں الوداعی میچ کھیلنے کی خواہش مچلنے لگی

پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات عظمی بخاری نے بھی مفت پاسز نہ دینے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی فیصلہ کے حوالے سے تمام صوبائی اراکین اسمبلی اور پارلیمنٹرین کو آگاہ کردیا گیا ہے کہ انہیں مفت پاس نہیں ملیں گے لہذا پی ایس ایل فائنل ٹکٹ خرید کردیکھا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔