وزارت داخلہ نے براہمداغ بگٹی کے ریڈ وارنٹ کی منظوری دے دی

ویب ڈیسک  منگل 28 فروری 2017
براہمداغ کی گرفتاری کے لیے ایف آئی اے کو بین الاقوامی سطح پر معاملہ اٹھانے کی ہدایت کی گئی ہے، ذرائع، فوٹو؛ فائل

براہمداغ کی گرفتاری کے لیے ایف آئی اے کو بین الاقوامی سطح پر معاملہ اٹھانے کی ہدایت کی گئی ہے، ذرائع، فوٹو؛ فائل

 اسلام آباد: وزارت داخلہ نے کالعدم بلوچ ریپبلیکن پارٹی کے چیرمین براہمداغ بگٹی کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی منظوری دے دی جب کہ ایف آئی اے کو گرفتاری کے لیے معاملہ بین الاقوامی سطح پر اٹھانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کےمطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کالعدم بلوچ ریپبلیکن پارٹی کے خود ساختہ جلا وطن چیرمین براہمداغ بگٹی اور شیر محمد عرف شیرا کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی ایف آئی اے کی درخواست منظور کرلی جس کے بعد وزارت داخلہ نے دونوں کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے ریڈوارنٹ کی منظوری ایف آئی اے کو موصول ہوگئی ہے، ریڈ وارنٹ میں براہمداغ اور شیر محمد کو دہشت گرد قرار دیا گیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: سوئس حکومت نے براہمداغ بگٹی کی سیاسی پناہ کی اپیل مسترد کردی

ذرائع نے بتایا کہ دونوں کے ریڈ وارنٹ ان کے دہشت گردی میں ملوث ہونے پر جاری ہوئے، براہمداغ بگٹی پاکستان بالخصوص صوبہ بلوچستان میں دہشت گردی اور بم دھماکوں میں ملوث پائے گئے ہیں، براہمداغ اور شیر محمد کے خلاف دائمی ریڈ وارنٹ جاری ہوچکے جس میں دونوں کو مطلوب اور مفرور ظاہر کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق براہمداغ بگٹی ایک بار پھر بلوچستان میں متحرک ہوچکے تھے جس کے لیے وہ اپنے قبیلے کے لوگوں کو افغانستان بلارہے تھے جہاں کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کے ذریعے ان سے پاکستان میں دہشت گردی کرائی جانی تھی تاہم حساس اداروں نے حکومت کو ان عزائم سے آگاہ کیا جس پر ایف آئی اے نے ریڈ وارنٹ کی درخواست دی تھی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: بھارت نے براہمداغ بگٹی کی سیاسی پناہ کی درخواست کی تصدیق کردی

ذرائع نے مزید بتایا کہ براہمداغ بگٹی کو اس وقت بھارت نے پناہ دے رکھی ہے تاہم ریڈ وارنٹ جاری ہونے کے بعد ایف آئی اے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ براہمداغ کی گرفتاری کا معاملہ انٹرپول کے سیکریٹری جنرل سمیت بین الاقوامی سطح پر اٹھائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔