داعش کو دنیا سے نیست ونابود کردیں گے، ٹرمپ

ویب ڈیسک  بدھ 1 مارچ 2017

واشنٹن ڈی سی: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ داعش کو دنیا سے نیست و نابود کردیں گے۔

امریکا کی صدارت سنبھالنے کے بعد کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے اپنے پہلے خطاب میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ملک کی بھلائی کی خاطرسیاسی جماعتوں کومتحد ہوکرکام کرنے کی ضرورت ہے، ایک مرتبہ پھرنئی امیدیں پیدا ہورہی ہیں، جن سے امریکا کی عظمت کا ایک نیا باب کھلے گا، ہمارے اتحادی دیکھیں گے کہ امریکا ایک مرتبہ پھر دنیا کی قیادت کے لیے تیار ہے۔

امریکی صدرکا کہنا تھا کہ ملک میں یہودی برادری کے مراکزپرحملوں کی دھمکیوں اوریہودیوں کے قبرستان میں توڑ پھوڑ کے بعد سامنے آنے والے ردعمل سے یہ ظاہرہوتا ہے کہ ایک ملک کی حیثیت سے امریکا منافرت پرمبنی ہرطرح کے اقدامات کی مذمت کرتا ہے۔ داعش نے بے گناہ مسلمان اور مسیحی مردوں، خواتین اور بچوں کو قتل کیا، وہ اس برائی کو دنیا سے نیست و نابود کردیں گے، داعش کے خاتمے کے لیے امریکی وزارت دفاع حکمت عملی مرتب کرے، امریکا انتہا پسندی کی پناہ گاہ نہیں بنا سکتا۔

امیگریشن اصلاحات سے متعلق ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ملک میں روزگار کی فراہمی، سیکیورٹی اورقانون کی پاسداری کو بہترکرنے سے حقیقی امیگریشن اصلاح ممکن ہے، امیگریشن سے متعلق اپنے قوانین کے نفاذ سے ہم اجرت میں اضافہ کرسکیں گے، بے روزگاروں کو روزگارمہیا کرا پائیں گے، اربوں ڈالر کی بچت ہوگی اوراس طرح ہم اپنی برادری کو ہمیشہ کے لیے محفوظ کرسکیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔