ملک کا سافٹ امیج اجاگرکرنے کے لیے فلم بناؤں گی، میرا

قیصر افتخار  جمعرات 2 مارچ 2017
 لالی ووڈ کو ایسے فنانسرزکی ضرورت ہے جو اسے عالمی مارکیٹ تک لیجا سکے ،رانا فاروق کی مدد سے کام کرونگی، اداکارہ ۔ فوٹو : فائل

 لالی ووڈ کو ایسے فنانسرزکی ضرورت ہے جو اسے عالمی مارکیٹ تک لیجا سکے ،رانا فاروق کی مدد سے کام کرونگی، اداکارہ ۔ فوٹو : فائل

 لاہور:  فلم اسٹارمیرا نے دبئی میں مقیم ایک معروف بزنس مین کے ساتھ شراکت داری میں ’’ریلائنس اسٹارزایونٹ آرگنائزنگ ( ایل ایل سی)‘‘ نامی کمپنی رجسٹرڈ کروا دی۔

اس ادارے کے بینرتلے انھوں نے اپنے بزنس پارٹنررانا فاروق اشرف کے ساتھ مل کرایک ٹی وی سیریل اورفلم بنانے کی تیاریاں شروع کردی ہیں جب کہ فلم اورڈرامے کی کاسٹ بھی فائنل کی جا چکی ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اداکارہ میرا اوران کے بزنس پارٹنر رانا فاروق نے اس حوالے سے انٹرنیشنل معیار کے عین مطابق کثیر سرمائے سے فلم بنانے کا فیصلہ کرچکے ہیں جب کہ پاکستان کا سافٹ امیج دنیا بھرمیں متعارف کروانے کے لیے کمپنی کے پلیٹ فارم سے دبئی سمیت بیشترممالک میں میوزک پروگراموں کا انعقاد کا بھی کرینگے۔

اس سلسلہ میں دبئی سے فون پربات کرتے ہوئے اداکارہ میرا نے ’’ ایکسپریس ‘‘ کو بتایا کہ میں گزشتہ چند برسوں سے بہت سنجیدگی کے ساتھ پاکستان کی شوبزانڈسٹری کوانٹرنیشنل مارکیٹ تک لیجانے کے لیے کام کررہی تھی۔ یہ میری خوش نصیبی ہے کہ رانا فاروق جیسے اچھے بزنس پارٹنر نے میرا ساتھ دیا اوراب ہم نے مل کریہاں پرباقاعدہ ایک پروڈکشن کمپنی رجسٹرڈ کروادی ہے ، جس کا مقصد صرف اورصرف پاکستان کا سافٹ امیج دنیا بھرمیں بہترکرنا ہوگا۔ ہم نے اس سلسلہ میں ایک فلم اورٹی وی سیریل بنانے کی منصوبہ بندی کرلی ہے اوراس کے لیے ہم نے لاہوراورکراچی سے تعلق رکھنے والے معروف فنکاروںکو بھی سائن کرلیا ہے، جہاں تک بات فلم اورڈرامے کی شوٹنگ کی ہے تومیں آئندہ دوروزمیں پاکستان آمد کے بعد پریس کانفرنس کے ذریعے تفصیلات سے میڈیا کو آگاہ کرونگی۔

انھوں نے کہاکہ اس وقت پاکستانی فلم اورٹی وی انڈسٹری کوایسے فنانسرزاورپروڈیوسروں کی ضرورت ہے جوبہترین انداز سے ان شعبوںکو انٹرنیشنل مارکیٹ تک لیجانے کے لیے کام کرسکیں۔ اس سلسلہ میں رانا فاروق کی شخصیت میرے نزدیک مثالی ہے کہ جنہوں نے بڑے مثبت انداز کے ساتھ اس کام میں میری سپورٹ کی ہے۔ مجھے امید ہے کہ اس کے بہترین نتائج جلد سامنے آئینگے۔ دوسری جانب رانا فاروق اشرف کا کہنا تھا کہ اداکارہ میرا نے اپنے فنی سفرکے دوران بہت سے ان گنت کرداروں میں حقیقت کے رنگ بھرے ہیں اوران کی لگن اورسوچ کودیکھتے ہوئے ہی میں نے ان کے ساتھ کاروباری شراکت داری کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم نے دبئی میں اپنی کمپنی رجسٹرڈ کروانے کے بعد کام شروع کردیا ہے اورپاکستان سپرلیگ کے فائنل کے بعد فلم کی شوٹنگ لاہورمیں شروع کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔