100قدیم زبانوں پر عبور رکھنے والا غیرمعمولی شخص

ویب ڈیسک  جمعرات 2 مارچ 2017
ریکارڈوکوجن زبانوں پرعبورحاصل ہے ان میں ایسکیمو،فارسی، یاقوت،یوکاگیر،روتول،ایٹرسکن، باسکیو، منگولین اوردیگر شامل ہیں۔ فوٹو: بشکریہ اوڈیٹی سینٹرل

ریکارڈوکوجن زبانوں پرعبورحاصل ہے ان میں ایسکیمو،فارسی، یاقوت،یوکاگیر،روتول،ایٹرسکن، باسکیو، منگولین اوردیگر شامل ہیں۔ فوٹو: بشکریہ اوڈیٹی سینٹرل

روم: ریکارڈو برتانی کا تعلق اٹلی کے کسان گھرانے سے ہے جسے حیران کن طور پر دنیا کی قدیم 100 زبانوں پر عبور حاصل ہے۔

86 سالہ ریکارڈو برتانی اٹلی کے چھوٹے سے گاؤں کپرارا میں رہائش پذیر ہیں جنہوں نے ایک کسان کے گھر میں آنکھ کھولی۔ ریکارڈو کی خاص بات یہ ہے کہ انہیں دنیا کی 100 قدیم زبانوں پر عبور حاصل ہے اور اس سے بڑھ کر حیرانی کی بات یہ ہے کہ ریکارڈو نے یہ تمام زبانیں کسی اسکول یا استاد سے نہیں  سیکھیں بلکہ از خود مطالعے کے شوق نے انہیں اس مقام تک پہنچایا۔

ریکارڈو برتانی نے پانچویں جماعت کے بعد اسکول کو خیرباد کہہ دیا تھا جس کی وجہ بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہیں ریاضی سے بہت نفرت تھی اور 86 سال کی عمر میں بھی انہیں جمع اور تفریق میں خاصی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن انہیں زبانیں سیکھنے کا شوق جنون کی حد تک ہے۔ ریکارڈو نے زبانیں سیکھنے کا آغاز بچپن میں روسی زبان سے کیا جس کے بعد انہوں نے یوکرین کی زبان سیکھی جس کے لئے انہوں نے کسی استاد کی مدد نہیں لی بلکہ ازخود کتابوں کے مطالعے سے نہ صرف زبانیں سیکھیں بلکہ اسی زبان میں کئی کتابیں لکھیں۔

ریکارڈو نے زبانیں سیکھنے کے اپنے 70 سالہ شوق میں ایک ہزار سے زائد جرنلز لکھنے کے علاوہ ان کے ترجمے اور تفاسیر لکھیں اور یہاں تک کہ انہوں نے دنیا کی مختلف زبانوں میں استعمال ہونے والے الفاظ کے صوتی تلفظ کی ادائیگی کے طریقے بھی بتائے۔  ریکارڈو  کو جن زبانوں پر عبور حاصل ہے ان میں ایسکیمو، فارسی، یاقوت، یوکاگیر، روتول، ایٹرسکن، باسکیو، منگولین اور دیگر شامل ہیں۔

ریکارڈو کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ وہ کبھی اٹلی سے کسی اور ملک نہیں گئے اور انہوں نے جتنی بھی زبانوں پر عبور حاصل کیا وہ ازخود ہی ہے اور حیران کن امر یہ ہے کہ ریکارڈو انگریزی زبان سے نابلد ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔