امیتابھ کا بیٹے اور بیٹی میں برابر جائیداد تقسیم کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک  جمعرات 2 مارچ 2017
 مرنے کے بعد ساری جائیداد بیٹی اور بیٹے میں برابر تقسیم کی جائے گی، میگا اسٹار کی ٹوئٹ  
فوٹو: فائل

مرنے کے بعد ساری جائیداد بیٹی اور بیٹے میں برابر تقسیم کی جائے گی، میگا اسٹار کی ٹوئٹ فوٹو: فائل

ممبئی: بالی ووڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن نے بیٹی شویتا بچن اور بیٹے ابھیشیک بچن کے درمیان جائیداد کی یکساں تقسیم کا اعلان کیا ہے۔

بھارت کے اکثر طبقہ فکر میں لڑکیوں سے امتیازی سلوک برتا جاتا ہے جب کہ وہاں لڑکیوں اور خواتین کے حقوق کی آگاہی کے لیے کئی مہمات شروع کی گئی ہیں جس میں نامور فلمی ستاروں نے شرکت بھی کی ہے لیکن اب اسی امتیازی سلوک کو ختم کرنے کے لیے امیتابھ بچن نے بڑا اعلان کردیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں:خواتین سے زیادتی پر سر جھک جاتا ہے، امیتابھ بچن

بالی ووڈ اسٹار امیتابھ بچن صنفی امتیاز کو ختم کرنے کی مہم میں شریک ہوگئے ہیں اور انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرایک تصویر شیئر کی ہے جس میں انہوں نے پلے کارڈ اٹھا رکھا ہے جب کہ پلے کارڈ پر’’جب میں نہیں رہوں گا تو اپنے پیچھے چھوڑ جانے والے اثاثے میری بیٹی اور بیٹے کے درمیان برابر تقسیم کیے جائیں گے‘‘ کا پیغام درج ہے جس کے ساتھ صنفی برابری اورہم سب ایک ہیں کا ہیش ٹیگ استعمال کیا گیا ہے۔

دوسری جانب بگ بی کا یہ اعلان سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہا ہے جسے مداحوں کی جانب سے بے حد سراہا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ امیتابھ بچن خواتین کی حقوق کے لیے کافی سرگرم ہیں اور کئی اسی طرح کی فلموں میں بھی کام کرچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔