مردان میں پولیس نے نہ رکنے پر فائرنگ کرکے کپڑا فروش کو ہلاک کردیا

ویب ڈیسک  جمعرات 2 مارچ 2017
مشکوک شخص کو رکنے کا اشارہ کیا گیا لیکن نہ رکنے پر گولی چلائی گئی، ڈی ایس پی سٹی ، فوٹو: فائل

مشکوک شخص کو رکنے کا اشارہ کیا گیا لیکن نہ رکنے پر گولی چلائی گئی، ڈی ایس پی سٹی ، فوٹو: فائل

مردان: ضلع کچہری کے قریب پولیس نے اشارہ کرنے کے باوجود نہ رکنے پر سائیکل سوار کپڑا فروش کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔

ڈی ایس پی سٹی ممتاز خان کے مطابق مردان میں ضلع کچہری کے قریب گٹھڑی لے جانے والے مشکوک سائیکل سوار کو رکنے کا اشارہ کیا گیا لیکن اس نے توجہ نہیں دی جس پر وہاں موجود پولیس اہلکار نے گولی چلادی جب کہ گولی لگنے سے سائیکل سوار شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ واقعے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جب سائیکل پر بندھی گٹھڑی کھولی تو اس میں سے کپڑے نکلے۔

 

پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت اولس خان کے نام سے ہوئی جس کے لواحقین کا کہنا ہےکہ اولس کی سماعت کمزور تھی اور وہ گزشتہ 15 سال سے سائیکل پر گھوم پھر کر گلی محلوں میں کپڑا بیچتا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔