کرفیو لگا کر عراق اور شام میں بھی میچز کرائے جاسکتے ہیں، عمران خان

ویب ڈیسک  جمعرات 2 مارچ 2017
30 ہزار شائقین کی سیکیورٹی کیلئے 60 ہزاراہلکارتعینات کرکے کون سا امن کا پیغام دینا چاہتے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی، فوٹو؛ ایکسپریس

30 ہزار شائقین کی سیکیورٹی کیلئے 60 ہزاراہلکارتعینات کرکے کون سا امن کا پیغام دینا چاہتے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی، فوٹو؛ ایکسپریس

 اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ شہر بند کرا کر پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرانے کا فیصلہ احمقانہ ہے کیوں کہ عراق اور شام میں بھی کرفیو لگا کر کرکٹ میچ کرایا جاسکتا ہے۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے ایک مرتبہ پھر پی ایس ایل فائنل کے لاہور میں انعقاد کے فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم کے اطراف 60 ہزار اہلکاروں کو تعینات کر کے 30 ہزار شائقین کو سیکیورٹی دے کر حکومت کون سا امن کا پیغام دینا چاہتی ہے، کرفیو لگا کر عراق اور شام میں بھی میچز کرائے جاسکتے ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ 60 ہزار سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کر کے دنیا کو پیغام دینے کی کوشش کی جارہی ہے پاکستان کے حالات اب بھی ٹھیک نہیں، اس قسم کے اقدامات سے ملک میں کرکٹ بحال نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ اگر غیرملکی کھلاڑی پاکستان آئیں اور حالت درست ہوں تو صرف پی ایس ایل کا فائنل ہی نہیں بلکہ پورا ایونٹ پاکستان میں ہونا چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔