ہماری زندگی اور خون پاکستان کے لیے ہے، سربراہ پاک فوج

ویب ڈیسک  جمعـء 3 مارچ 2017
مادر وطن کے تحفظ میں جان قربان کرنا سب سے زیادہ مقدس ہے، آرمی چیف قمر جاوید باجوہ۔ فوٹو: فائل

مادر وطن کے تحفظ میں جان قربان کرنا سب سے زیادہ مقدس ہے، آرمی چیف قمر جاوید باجوہ۔ فوٹو: فائل

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ ہماری زندگی اور خون پاکستان کے لیے ہے کیونکہ مادر وطن کے تحفظ میں جان قربان کرنا سب سے زیادہ مقدس ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ روز دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ میں شہید ہونے والے پاک فوج کے لیفٹیننٹ خاور شہید اور نائیک شہزاد شہید کی نماز جنازہ کور ہیڈ کوارٹر پشاور میں ادا کی گئی جس میں کمانڈر آرمی ایئر ڈیفنس لیفٹیننٹ جنرل زاہد لطیف نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد دونوں شہدا کی میتیں آبائی علاقوں میں روانہ کردی گئیں ہیں جہاں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ انہیں سپردخاک کیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں، ہماری زندگی اور خون پاکستان کے لیے ہے جب کہ مادر وطن کے تحفظ میں جان قربان کرنا سب سے زیادہ مقدس ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : بنوں میں آپریشن میں 4 دہشتگرد ہلاک، لیفٹیننٹ خاور اور نائیک شہزاد شہید

واضح رہے کہ گزشتہ روز بنوں کے علاقے جانی خیل میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیس آپریشن میں 4 دہشت گردہلاک جب کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کا افسر اور اہلکارشہید ہوگئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔