بالی ووڈ اداکاروں کا باڈی گارڈ خود فلمی اسٹار بن گیا

ویب ڈیسک  جمعـء 3 مارچ 2017
رونت روئے نے فلموں میں ناکامی کے  بعد میگا اسٹار امیتابھ بچن اور عامر خان کے سیکورٹی گارڈ بن گئے تھے، فوٹو؛ فائل

رونت روئے نے فلموں میں ناکامی کے بعد میگا اسٹار امیتابھ بچن اور عامر خان کے سیکورٹی گارڈ بن گئے تھے، فوٹو؛ فائل

ممبئی: بالی ووڈ کے سپر اسٹار عامر خان اور میگا اسٹار امیتابھ بچن کے سیکیورٹی گارڈ رونت روئے خود اسٹار بن گئے ہیں اور اب پہلی بار امیتابھ بچن کے ساتھ فلم’’سرکار 3‘‘ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔

اداکار رونت روئے بھارتی ٹی وی کا بڑا نام ہے جنہوں نے کئی مشہور ٹی وی سیریل میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جس میں ’’کسوٹی زندگی کی‘‘،’’کیوں کہ ساس بھی کبھی بہو تھی‘‘ اور ’’عدالت‘‘ سمیت کئی ڈرامے شامل ہیں جب کہ رونت رائے نے ٹی وی میں آنے سے قبل بالی ووڈ میں بھی قسمت آزمائی کی تھی لیکن کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کرسکے تھے تاہم کم ہی لوگ جانتے ہیں کہ معروف اداکار پہلے سیکیورٹی گارڈ رہ چکے ہیں۔

رونت روئے فلموں میں ناکامی کے  بعد میگا اسٹار امیتابھ بچن اور عامر خان کے سیکیورٹی گارڈ بن گئے تھے جس کے بعد انہوں نے 2003 میں سیکورٹی کمپنی قائم کرلی اور فلمی ستاروں کو سیکیورٹی مہیا کرنے لگے جب کہ اسی دوران رونت روئے نے ٹی وی ڈراموں میں قسمت آزمائی کی اورخوب شہرت حاصل کی۔

رونت روئے نے 2،2 سال عامر خان اور امیتابھ بچن کے ساتھ بطور سیکیورٹی گارڈ گزارے ہیں اور کئی جگہ تقریبات میں بھی انہیں فلمی ستاروں کے پیچھے کھڑا دیکھا گیا ہے لیکن اب یہی رونت روئے ٹی وی انڈسٹری کے ساتھ ساتھ فلمی دنیا کے بھی اسٹار بن گئے ہیں اور جلد ہی  امیتابھ بچن کے ساتھ فلم ’’سرکار‘‘ کے تیسرے سیکوئل میں نظر آئیں گے۔

واضح رہے کہ اداکار رونت روئے کی کمپنی شاہ رخ خان اور عامر خان سمیت کئی نامور اداکاروں کو سیکیورٹی مہیا کرتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔