دماغ کی کارکردگی کو بہتراوراحساسات نوٹ کرنے والا ہیڈ فون

ویب ڈیسک  اتوار 5 مارچ 2017
ہیڈ فون جذبات اور احساسات کو نوٹ کرتے ہوئے بتاتا ہے کہ پہننے والا خوش ہے یا اداس۔ فوٹو؛ فائل

ہیڈ فون جذبات اور احساسات کو نوٹ کرتے ہوئے بتاتا ہے کہ پہننے والا خوش ہے یا اداس۔ فوٹو؛ فائل

سان فرانسسکو: امریکی کمپنی نے ایک جدید اور انوکھا ہیڈ فون بنایا ہے جو  نہ صرف دماغ کا جائزہ لیتا ہے بلکہ دماغی توجہ اور ارتکاز کو بھی بہتر بناتا ہے۔

اس ہیڈفون کو ’’مائنڈ سیٹ‘‘ کا نام دیا گیا ہے اور اسے بنانے والی کمپنی کا دعویٰ بھی یہی ہے کہ اس سے دماغی کارکردگی بڑھتی ہے۔ یہ ہیڈ فون پہننے والے کے سر کی الیکٹرواینسفیلوگرافی (ای ای جی) کیفیت کونوٹ کرتی رہتی ہے جس سے پہننے والا ایک خاص کیفیت میں چلاجاتا ہے اور یہ دماغ سے مضر عادات کوروکنے میں بھی مدد دیتا ہے۔

پورے ہیڈ بینڈ میں پانچ  ای ای جی سینسر لگے ہیں  اور ای ای جی  گزشتہ 50 برس سے اسپتالوں میں دماغی جائزے کے لیے استعمال ہورہی ہے۔ کک اسٹارٹر کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ای ای جی ہیڈ فونز مرگی کی شناخت، دماغی چوٹ کے علاوہ خلانوردوں اور کھلاڑیوں کی ذہنی کیفیت کو بہتر بنانے میں مددگار ہے۔

ہیڈفون دماغی برقی سرگرمیوں کو نوٹ کرتا ہے اور جیسے ہی پہننے والے کی توجہ بھٹکتی ہے ہیڈفون اسے خبردار کرتا ہے۔  ہیڈ فون دھیرے دھیرے دماغ کو تربیت دے کر توجہ اور ارتکاز کو بہتر بناتا رہتا ہے اور یوں دماغ کو ایک راہ پر لے آتا ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ہیڈفون کو کئی افراد پر آزمایا گیا ہے ۔ پھر ایک عرصے تک کئی ڈیزائن بناکر بہترین ڈیزائن پیش کیا گیا ہے۔

ہیڈ فون جذبات اور احساسات کو نوٹ کرتے ہوئے بتاتا ہے کہ پہننے والا خوش ہے یا اداس اور اس سے انسانی موڈ سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔ کمپنی کے مطابق ہیڈفون اتارنے کے بھی کافی دیر بعد اس کی بہتر کیفیت برقرار رہتی ہے۔ یہ پہلا مائنڈ سیٹ ہیڈ فون اس سال دسمبر میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔