ماہرہ خان نے دوبارہ بالی ووڈ میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا

این این آئی  ہفتہ 4 مارچ 2017
درجن سے زائد پاکستانی فلموں کی پیشکش ہے اسکرپٹ پسند آنے پر کام کا فیصلہ کروں گی۔ فوٹو: فائل

درجن سے زائد پاکستانی فلموں کی پیشکش ہے اسکرپٹ پسند آنے پر کام کا فیصلہ کروں گی۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  اداکارہ ماہرہ خان نے کہا ہے کہ میں نامور ڈائریکٹر شعیب منصور کی دریافت ہوں جنہوں نے مجھے اپنی فلم میں کاسٹ کیا جس کے بعد فلمسازوں کی نظریں مجھ پر اٹھنے لگیں اور میں تیزی سے سفر کرتی ہوئی بالی ووڈ تک جا پہنچی۔

ماہرہ خان نے کہا کہ بالی ووڈ کے اس سارے سفر میں جہاں میری اپنی محنت شامل ہے وہاں میں شعیب منصور کے کردار کو کبھی بھی فراموش نہیں کر سکتی۔ انھوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ فلم ’’ رئیس ‘‘ نے جس طرح سے کامیابی حاصل کی وہ میرے تصور سے باہر ہے اور اگر دوبارہ موقع ملا تو شاہ رخ خان میری پہلی ترجیح ہو گی مگر سلمان خان کے ساتھ کام کرنے کی بھی خواہش ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ فلم ’’رئیس‘‘ کی کامیابی سے مجھے پاکستانی فلمسازوں کی جانب سے ایک درجن سے زیادہ فلموں کی پیشکش کی جا چکی ہے تاہم ابھی تک میں نے کسی فلم میں کام کرنے کا فیصلہ نہیں کیا البتہ جب میرے مطلب کا اسکرپٹ آئے گا تو میں اچھے ڈائریکٹر کے ساتھ کام کرنا پسند کروں گی۔

ایک سوال کے جواب میں ماہرہ کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ معاوضہ لینے کی باتیں درست نہیں البتہ میں پروجیکٹ کے مطابق اپنا معاوضہ طے کرتی ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔