یو اے ای میں میچز، شائقین کی دلچسپی عروج پر رہی

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 4 مارچ 2017
پی ایس ایل ون کے مقابلے میں حاضری دگنی،مجموعی تعداد2لاکھ سے زائد تھی، تجندر۔ فوٹو: فائل

پی ایس ایل ون کے مقابلے میں حاضری دگنی،مجموعی تعداد2لاکھ سے زائد تھی، تجندر۔ فوٹو: فائل

دبئی:  پاکستان سپر لیگ اب اختتامی مراحل میں پہنچ چکی، دبئی اور شارجہ میں شیڈول میچز مکمل ہو گئے،اس دوران شائقین کی دلچسپی عروج پر رہی، اب اتوار کو قذافی اسٹیڈیم لاہور فائنل کی میزبانی کرے گا۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دوسرے ایڈیشن میں گزشتہ سال کے مقابلے میں شائقین کی اسٹیڈیم میں حاضری دگنی رہی، ٹکٹ فروخت کرنے والی کمپنی ’’کیوٹکٹس ڈاٹ کام‘‘ کے مطابق اس سال اسٹیڈیم میں آنے والے شائقین کی تعداد 2 لاکھ سے زائد تھی جنھوں نے 20 سے زائد میچز اسٹیڈیم آکر دیکھے۔

کمپنی کے مالک تجندر سنگھ نے بتایا کہ ٹکٹ خرید کر میچ دیکھنے والوں کی یہ تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں دگنی ہے، سپرلیگ کے ہر مقابلے میں اوسطاً 10 سے12 ہزار تماشائی اسٹیڈیم میں موجود رہے۔ انھوں نے بتایا کہ افتتاحی تقریب  کے بعد پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ میں مقابلے کے دوران ہاؤس فل رہا، اسٹیڈیم میں 22 ہزار سے زائد افراد کی گنجائش موجود ہے، ویک اینڈ پر تمام مقابلوں کے دوران شائقین کی اسٹیڈیم میں آمد 80 سے 90 فیصد رہی، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان پہلے ناک آؤٹ میچ میں بھی شارجہ کا اسٹیڈیم فل رہا جبکہ کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین دوسرے پلے آف میچ میں تماشائیوں کی حاضری پہلی سپر لیگ کے مقابلے میں 80 فیصد زیادہ تھی۔

تجندر سنگھ نے کہا کہ ’’کیوٹکٹس ڈاٹ کام‘‘ پر فائنل کی آن لائن تقریباً 40 فیصد ٹکٹیں رکھی گئی تھیں جو تمام فروخت ہوچکی ہیں، یو اے ای میں میچز دیکھنے والے تماشائیوں میں 95 فیصد افراد وہاں مقیم پاکستانی تھے، البتہ ایونٹ میں بین الاقوامی کھلاڑیوں کی بڑی تعداد میں شمولیت کی وجہ سے دیگرقوموں کے لوگوں نے بھی مقابلے دیکھنے میں دلچسپی لی۔ پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن میں بین الاقوامی ستاروں کی بڑھتی ہوئی شمولیت شائقین کے لیے کشش کا باعث بنی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔