فنکار پی ایس ایل فائنل کیلیے بیتاب، مہنگے ٹکٹ خرید لیے

شوبز رپورٹر  اتوار 5 مارچ 2017
میچ سے ملک دشمنوں کی پریشانی بڑھ جائے گی، شاہدہ منی، مدیحہ شاہ، کاشف اوردیگر۔ فوٹو: فائل

میچ سے ملک دشمنوں کی پریشانی بڑھ جائے گی، شاہدہ منی، مدیحہ شاہ، کاشف اوردیگر۔ فوٹو: فائل

لاہور: لاہور میں کھیلے جانے والے پاکستان سپرلیگ کے فائنل میچ نے جہاں ملک اوربیرون ممالک بسنے والے کرکٹ شائقین کو اپنا گرویدہ بنا رکھا ہے، وہیں فنون لطیفہ کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے فنکاربھی فائنل میچ دیکھنے کے لیے بے تاب دکھائی دیتے ہیں۔

’’ایکسپریس‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے گلوکارہ شاہدہ منی، مدیحہ شاہ، کاشف محمود، وارث بیگ، ولی حامد اورنورنے کہا ہے کہ پاکستان کا بچہ، بچہ کرکٹ کا دیوانہ ہے۔ طویل عرصہ بعدلاہورمیں سجنے والے اس کرکٹ میلے نے پوری دنیا کو اپنی توجہ کامرکز بنا لیا ہے۔ زندہ دلان لاہورنے جس طرح سے اس فائنل میچ کوکامیاب بنانے کے لیے بہادری کا مظاہرہ کیا اورلوگوںکی بڑی تعداد کی بینکوں کے باہرلمبی قطاریں اورہجوم اس بات کا گواہ ہے کہ یہاں کے لوگ کس قدرامن پسند اورکرکٹ کے دلدادہ ہیں۔ اس میچ کے انعقاد سے جو مثبت پیغام پوری دنیا میں جائے گا ، اس کے بعد پاکستان کے مخالفین کی پریشانی میں اضافہ ہوگا جب کہ یہاں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ممکن ہوجائے گی۔

دوسری جانب بہت سے فنکاروں نے تو قذافی اسٹیڈیم میں ’پی ایس ایل‘ کا فائنل میچ دیکھنے کے لیے پہلے ہی مہنگے داموں ٹکٹ خرید لیے ہیں جب کہ بہت سے فنکاروں نے اپنے گھروں پرفائنل میچ دیکھنے کے لیے باقاعدہ اہتمام کیا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔