کوئٹہ اور پشاور زلمی کے 5، 5 غیرملکی کھلاڑی لاہور پہنچ گئے

خبر ایجنسیاں  اتوار 5 مارچ 2017
پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی اور دیگر عملہ بھی لاہور پہنچ گیا۔ فوٹو: نیٹ

پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی اور دیگر عملہ بھی لاہور پہنچ گیا۔ فوٹو: نیٹ

لاہور:  پی ایس ایل کے آج ہونے والے فائنل کیلیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی کے 5 ،5 غیرملکی کھلاڑی لاہور پہنچ گئے ہیں۔

پی ایس ایل کا فائنل کھیلنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرزنے ٹیم میں 5 غیر ملکیوں سمیت 6 متبادل کھلاڑی شامل کرلیے تاہم متبادل کھلاڑیوں میں بنگلہ دیش کے انعام الحق، جنوبی افریقہ کے مورنی وین وائک، زمبابوے کے شان اپروین، الٹن چیمگمبورا اور ویسٹ انڈیز کے ریاد ایمریت شامل ہیں۔ فاسٹ باؤلر عمر گل کی جگہ اعزازچیمہ کو منتخب کیا گیا ہے، قواعدو ضوابط کے تحت کوئی بھی ٹیم میچ کیلیے صرف4 غیر ملکی کھلاڑیوں کو منتخب کرسکتی ہے۔

ادھر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفرازاحمد نے کہا کہ ہار جیت اللہ تعالی کے ہاتھ میں ہے، کوشش ہوگی کہ ہماری ٹیم پی ایس ایل کافائنل جیتے۔نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا ہم گزشتہ سال فائنل ہارے تھے لیکن اس دفعہ بہتر پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے اورہماری ٹیم گراؤنڈ میں لڑتی نظر آئے گی، متبادل غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ اچھا کمبی نیشن بناکر گراؤنڈ میں اتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے آج اسٹیڈیم تماشائیوں سے بھراہوگا، پی ایس ایل فائنل کیلیے سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب فائنل کھیلنے کیلیے پشاور زلمی کے غیرملکی کھلاڑیوں سمیت پوری ٹیم اور دیگر عملہ لاہورپہنچ گیا۔ پشاور زلمی کے کھلاڑی دبئی سے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے جہاں سے انھیں بلٹ پروف گاڑیوں میں ہوٹل منتقل کیا گیا۔ پاکستان پہنچنے والے کھلاڑیوں میں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی، کرس جورڈن، ڈیوڈ ملان، مارلن سیموئلز،سمت پٹیل،کامران اکمل، محمد حفیظ، وہاب ریاض، حسن علی اور افتخار احمد شامل ہیں جبکہ پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی اور دیگر عملہ بھی لاہور پہنچ گیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔