کراچی کے مختلف علاقوں سے 6 غیرملکیوں سمیت 20 ملزمان گرفتار

ویب ڈیسک  اتوار 5 مارچ 2017
ملزمان جرائم کی مختلف وارداتوں میں ملوث ہیں جن کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا، پولیس، فوٹو؛ فائل

ملزمان جرائم کی مختلف وارداتوں میں ملوث ہیں جن کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا، پولیس، فوٹو؛ فائل

 کراچی: پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 6 غیر ملکیوں سمیت 20 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس نے جمشید کوارٹرز میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد طاہر کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول برآمد کر لی۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم منشیات فروش اور عادی مجرم ہے۔ فیروز آباد پولیس نے بھی سندھی مسلم سوسائٹی سے ایک ملزم عرفان حسین کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے پریڈی تھانے کی حدود سے چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کر لی۔

بریگیڈ پولیس نے اسٹریٹ کرمنل سید کاشف کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول برآمد کی، بوٹ بیسن پولیس نے بھی کارروائی کے دوران 3 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ اور چھینی گئی موٹر سائکل برآمد کر لی۔ اورنگی ٹاؤن میں اقبال مارکیٹ پولیس نے غیر قانونی مذبح خانوں  پر چھاپے مار کر 3 قصابوں  محمد اکرم، رحیم اور محمد فیضان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے مجموعی طور پر 27 کلو گوشت برآمد کر لیا۔

فرئیر پولیس نے کاروائی کر کے 4 افغانی باشندوں  کو گرفتار کیا جب کہ الفلاح پولیس نے بھی ملت کالونی میں  چھاپہ مار کر 2 افغانیوں کو حراست میں لے لیا۔ نیو ٹاؤن اور گلبہار تھانوں کی پولیس نے بھی مختلف کارروائیوں کے دوران 3 ملزمان کو گرفتار کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔