سخت سیکیورٹی میں پی ایس ایل کراکر ملکی حالات خراب ہونے کا پیغام دیا گیا، عمران خان

ویب ڈیسک  پير 6 مارچ 2017
پاناما لیکس کے معاملے سے پریشر اتارنے کے لیے میچ کرایا گیا، چیرمین تحریک انصاف، فوٹو؛ فائل

پاناما لیکس کے معاملے سے پریشر اتارنے کے لیے میچ کرایا گیا، چیرمین تحریک انصاف، فوٹو؛ فائل

 اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ پاناما لیکس کے معاملے سے پریشر اتارنے کے لیے لاہور میں میچ کرایا گیا جب کہ اتنی سخت سیکیورٹی میں میچ کراکر ملکی حالات ٹھیک نہ ہونے کا پیغام دیا گیا۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے ملاقات کے بعد بات کرتے ہوئےعمران خان کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کے معاملے سے پریشر اتارنے کے لیے لاہور میں پاکستان سپر لیگ کا میچ کرایا گیا لیکن میدان میں گونوازگو کے نعروں نے حقیقت عیاں کردی ہے کیوں کہ نوازشریف کا اصل چہرہ 8 مہینوں میں ہی لوگوں کے سامنے آگیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اتنی سیکیورٹی کے بعد میچ کرانے سے پیغام دیا گیا کہ ملکی حالات ٹھیک نہیں ہیں جب کہ نجم سیٹھی نے کرکٹ کوخراب کیا ہے، میں نجم سیٹھی کو زیرومارکس دیتا ہوں، الیکشن میں کامیابی کا صلہ نجم سیٹھی کومل رہا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :کرفیو لگا کر عراق اور شام میں بھی میچز کرائے جاسکتے ہیں

عمران خان کا کہنا تھا کہ قطری خط کو کوئی بھی ماننے کے لیے تیار نہیں ہے جب کہ فلیٹس کی اصل مالکہ مریم نوازشریف ہیں اور حسین نواز کاغذات اس لیے نہیں دکھارہے کیوں کہ یہ ان کی ملکیت نہیں تاہم جوبھی فیصلہ ہوگا ہم قبول کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پارلیمنٹ بھی گئے جہاں ہمارا مذاق اڑایا گیا،عدالت جانے سے پہلے تمام متعلقہ فورم سے رجوع کیا، الیکشن کمیشن میں میرے خلاف کیسز صرف مجھے بلیک میل کرنے کے لیے ہیں، الیکشن کمیشن نے جس طرح کے انتخابات کرائے اس سے لگتا ہے کہ وہ (ن) لیگ کا حصہ بن چکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔