چین کی جنوبی کوریا میں میزائل شکن نظام کی تنصیب پر امریکا کو دھمکی

ویب ڈیسک  منگل 7 مارچ 2017
اپنی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدمات اٹھائیں گے، ترجمان چینی وزارت خارجہ، فوٹو؛ فائل

اپنی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدمات اٹھائیں گے، ترجمان چینی وزارت خارجہ، فوٹو؛ فائل

بیجنگ: جنوبی کوریا میں میزائل شکن نظام کی تنصیب پر چین نے امریکا کو سنگین نتائج سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے خطے میں کشیدگی بڑھے گی۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق چین کے وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکا کو جنوبی کوریا میں میزائل شکن نظام (اینٹی میزائل سسٹم) کی تنصیب پر سنگین نتائج سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس کی شدید مخالفت کرتے ہیں جب کہ اپنی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدمات اٹھائیں گے اور سلسلے میں تمام ترنتائج، امریکا اور ریپبلک آف کوریا برداشت کرے گی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ امریکا نے جنوبی کوریا میں میزائل شکن نظام کی تنصیب شروع کردی

ترجمان چینی وزارت خارجہ کے مطابق چین امریکا کی جانب سے جنوبی کوریا میں میزائل شکن نظام کی تنصیب کو نہ صرف اپنی سلامتی اور عسکری معاملات کے لیے خطرہ تصور کرتا ہے بلکہ یہ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ امریکا ایسٹ ایشیا کے معاملات میں دخل اندازی کررہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ امریکا کے اس اقدام سے خطے میں کشیدگی بڑھے گی جب کہ یہ چین کے فری اور اوپن ٹریڈ کے لیے بھی سوالیہ نشان ہے۔

دوسری جانب جنوبی کوریا کے حکام کا کہنا ہےکہ اس نئے اقدام سے چین میں لووٹ گروپ کے تحت چلنے والی ہماری ڈیوٹی فری دکانیں بھی بند ہوجائیں گی جب کہ بہت سی ٹریول ایجنسیوں نے شمالی کوریا کے سیاحوں کو ٹکٹ دینے سے بھی انکار کردیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ شمالی کوریا نے 4 بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ کیا ہے، جاپان

واضح رہے کہ شمالی کوریا کے حالیہ بیلسٹک میزائل تجربات کے جواب میں امریکی بحریہ نے جنوبی کوریا میں اپنے جدید ترین بیلسٹک میزائل شکن نظام ’’تھاڈ‘‘ کی تنصیب شروع کردی ہے جب کہ شمالی کوریا کے سربراہ نے میزائل تجربات پر کہا کہ وہ جاپان میں امریکا کے فوجی اڈوں کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔