فوجی عدالتوں سے سزا یافتہ 5 دہشتگردوں کو پھانسی دیدی گئی، آئی ایس پی آر

ویب ڈیسک  بدھ 8 مارچ 2017
دہشت گردوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے تھا جو فورسز پر حملوں سمیت سنگین وارداتوں میں ملوث تھے، ترجمان پاک فوج، فوٹو؛ فائل

دہشت گردوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے تھا جو فورسز پر حملوں سمیت سنگین وارداتوں میں ملوث تھے، ترجمان پاک فوج، فوٹو؛ فائل

راولپنڈی: فوجی عدالتوں سے موت کی سزا پانے والے 5 دہشت گردوں کو ڈسٹرکٹ جیل کوہاٹ میں پھانسی دے دی گئی۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فوجی عدالتوں سے سزائے موت پانے والے 5 دہشت گردوں کو ڈسٹرکٹ جیل کوہاٹ میں تختہ دار پر لٹکادیا گیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق پانچوں دہشت گرد فورسز پر حملوں سمیت دہشت گردی کی سنگین وارداتوں میں ملوث تھے جب کہ تمام دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پھانسی پر لٹکائے جانے والوں میں انورعلی ولد فضل غنی، امداد اللہ، شوکت علی ولد عبدالجبار، صابرشاہ ولد احمدشاہ اور خاندان ولد دوست محمد شامل ہیں۔ ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ دہشت گرد شوکت علی، انور علی، صابر شاہ اور امداد اللہ سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں بھی ملوث تھے جب کہ دہشت گرد امداد اللہ نے بونیرمیں تعلیمی ادارے کو تباہ کیا تھا، پانچوں دہشت گردوں نے مجسٹریٹ کے سامنے اعتراف جرم کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔